ڈولفن سکواڈ وپولیس ریسپانس یونٹ کی رواں سال کی کارکردگی رپورٹ جاری

شہریوں کی 13ہزار سے زائد کالز پر فوری رسپانڈ،سٹریٹ کرائم میں ملوث159ملزمان گرفتار، تین کروڑسے زائد مالیت کی ریکوری

جمعرات 18 اپریل 2019 20:27

لاہور۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ صوبائی دارلحکومت میں سٹریٹ کرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی لانے کیلئے ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔انہوں نے ڈولفن اور پی آر یو کو جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے پٹرولنگ مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ایس پی ڈولفن سکواڈ بلال ظفر نے بتایا کہ سٹریٹ کرائم کنٹرول کرنے کیلئے پٹرولنگ کو موثر بناتے ہوئے رواں سال کے دوران جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی۔ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کی رواں سال کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ریسکیو15پر موصولہ شہریوں کی جانب سے 13ہزار 77کالز موصول ہوئیں جن پر ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو نے فوری رسپانڈکرتے ہوئے شہریوں کو مدد فراہم کی ۔

(جاری ہے)

شہر بھر میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی گئی جس کے تحت کارروائی کرتے ہوئے سٹریٹ کرائم میں ملوث 57کینگز کے 159ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ سٹریٹ کریمنلز کیخلاف کارروائی کے دوران 05 پولیس مقابلے بھی ہوئے جن میںسنگین جرائم میں ملوث ریکارڈ یافتہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔دورانِ پٹرولنگ مختلف جرائم میں ملوث 2629 دیگر ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔

ملزمان کے قبضہ سے 03 کروڑ02 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ریکوری کی گئی۔ اسی طرح اسلحہ کیخلاف کارروائی کے دوران323 پسٹلز، 44 رائفلز، 05 پمپ ایکشن، 08 عدد خنجر ،189میگزین اور ہزاروں کی تعداد میںگولیاں برآمدکی گئیں۔منشیات فروشوںکیخلاف کارروائی کے دوران 07کلو گرام چرس، 01کلو گرام ہیروئن اور17سو لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ دوران پٹرولنگ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کی ٹیموں نے مجموعی طور پر01 لاکھ23 ہزار سے زائد وہیکلز،16لاکھ 65 ہزار سے زائد موٹرسائیکلوںاور 10لاکھ 38 ہزار سے زائد اشخاص کو چیک کیا۔

چیکنگ کے دوران چوری شدہ 24 کاریں اور 695 موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں۔ ملزمان کے قبضہ سے 06 تولہ طلائی زیورات، 83 کلو گرام چوری شدہ تانبا، 06 عدد موٹر پمپ، 137 بکریاں، 10بھینسیں، 03 عدد لیپ ٹاپ ، 500 لیٹر ڈیزل ، 250کلو گرام سریا، ایل ای ڈیز اور بیٹریاں بھی برآمد کی گئیں۔ اشخاص کی شناخت چیکنگ کے دوران 03اشتہاری مجرم اور 183عدالتی مفرو حراست میں لئے گئے۔

کمیونٹی پولیسنگ میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے ڈولفن سکواڈ اور پی آ ریو کی ٹیموں نی82گمشدہ بچوں کو ان کے لواحقین تک باحفاظت پہنچایا جبکہ441روڈ ایکسیڈنٹس میں زخمیوں کو فرسٹ ایڈ بھی فراہم کی گئی ۔گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹس لگانے پر 141افراد کیخلاف کارروائی کرئے ہوئے انہوں حراست میں لیا گیا۔مزید برآں632 پتنگ باز، ہوائی فائرنگ کی08 اور آتش بازی میں ملوث 236 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے ہدایات جاری کیں کہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹ سٹریٹ کرائمز پر کنٹرول کیلئے پٹرولنگ کو مزید موثر بنائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں