پنجاب حکومت نے ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی زکوٰة کمیٹیاں فوری فعال کرنے کی ہدایت کردی

زکوٰة کی فوری تقسیم کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو چیئرمین زکوٰة کمیٹی کا چارج دیدیا گیا ،صوبائی وزیر کی زیر صدارت اجلاس

جمعہ 19 اپریل 2019 00:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) پنجاب حکومت نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی زکوٰة کمیٹیاں فوری فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زکوٰة کی فوری تقسیم کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو چیئرمین زکوٰة کمیٹی کا چارج دیدیا ۔ اس ضمن میں اعلیٰ سطح کا اجلاس صوبائی وزیر زکوٰة و عشر شوکت لالیکا کی صدارت میںمنعقد ہوا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ زکوٰة کی فوری تقسیم کے لئے اور مستقل چیئرمین ضلعی زکوٰة کمیٹی کی تعیناتی تک ڈپٹی کمشنرز کو چیئرمین زکوٰة کمیٹی کا چارج دیا جارہا ہے۔

تمام ڈپٹی کمشنرز زکوٰة کی منصفانہ تقسیم کو فوری ممکن بنائیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنرز تمام زکوٰة کمیٹیوں کو 2ہفتے میں فعال کریں اور زکوٰة کی تقسیم کا عمل شروع کر کے رپورٹ چیف منسٹر پنجاب آفس جمع کروائیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ رمضان المبارک سے پہلے مستحقین تک زکوٰة پہنچانا تمام افسران کی شرعی ذمہ داری بھی ہے۔ اس لئے پوری ذمہ داری کے ساتھ مستحقین کو زکوٰة کی فراہمی ممکن بنائیں۔

اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ندیم قریشی، پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میاں طارق عبداللہ، پارلیمانی سیکرٹری برائے سپیشل ایجوکیشن نذیر احمد خان بلوچ، سلیم لابر، واصف راں، سبین گل ، قاسم لنگاہ، وسیم خان بادوزئی، سیکرٹری زکوٰة عالمگیر احمد خان، ایڈمنسٹریٹراوقاف اسلم رامے اور تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنر شیخ محسن نثار اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں