بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے قومی ریکارڈ میں درست اندراج بنیادی اہمیت کا حامل ہے، صوبائی وزیر خوراک

جمعہ 19 اپریل 2019 00:16

لاہور۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے جمعرات کے روز بہاولپور میں محکمہ سوشل ویلفیئر،لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور یونیسیف کے تعاون سے آگاہی پروگرام برائے ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن کے لئے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و ملازمین میں تعریفی اسناد و شیلڈز تقسیم کیں۔

مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے قومی ریکارڈ میں درست اندراج بنیادی اہمیت کا حامل ہے تاکہ حکومت درست اعداد وشمار کی روشنی میں نئی نسل کے لئے سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنائے۔انہوں نے کہا کہ والدین کی اولین ذمہ داری ہے کہ ڈیجیٹل برتھ رجسٹریشن کے ذریعہ بچوں کے ڈیٹا کے اندراج کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں چیئرپرسن پی ایچ اے شہلا احسان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رضوان قدیر، ڈسٹرکٹ صدر پی ٹی آئی سمیرا ملک، ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر غلام یٰسین بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خورشید احمد، ممبر کنٹونمنٹ بورڈ ریحان بن جاوید، نمائندہ یونیسیف ازلان بٹ،ڈپٹی ڈائریکٹرسوشل ویلفیئر محمد عذیر،ڈپٹی ڈائریکٹرسوشل ویلفیئرسحر صدیقہ، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بہاول پور میاں محمد اظہر،صدر پریس کلب نصیر احمدناصر اور یونین کونسلز کے سیکرٹریز شریک ہوئے۔

ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر غلام یٰسین بلوچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ 6ماہ کے دوران بچوں کے اندراج کے لئے یونین کونسلز میں 2لاکھ 54ہزار 951فارمزجمع کئے گئے جن میں سے غلطیوں سے پاک اندراج کر کے 2لاکھ 3ہزار708 فارمز کو ڈیجیٹل رجسٹرڈ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل تحصیل سٹی وصدر، تحصیل احمد پور شرقیہ، تحصیل یزمان، تحصیل حاصل پور، تحصیل خیر پور ٹامیوالی میں برتھ رجسٹریشن کی بہترین کارکردگی اور نکاح رجسٹریشن تحصیل سٹی بہاول پور، تحصیل صدر بہاول پور، تحصیل احمد پور شرقیہ، تحصیل یزمان، تحصیل حاصل پور وتحصیل خیر پور ٹامیوالی کے سیکرٹریز یونین کونسلز کو بہترین کارکردگی کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں