تعلیم و تربیت ہی قوموں کو ترقی یافتہ بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعہ 19 اپریل 2019 17:44

لاہور۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ قوموں کی تعمیروترقی اور عروج میں بنیادی کردار علم کا ہوتا ہے ۔ مسلمان جب تک سائنس وٹیکنالوجی کی صلاحیتوں سے مالا مال رہے دنیا پر ان کی ہرمیدان میں حکمرانی قائم رہی ہے۔ بحیثیت قوم اگر ہم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں دوبار ہ علم و تحقیق کی طرف پلٹنا ہو گا ۔

تعلیم و تربیت ہی قوموں کو ترقی یافتہ بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے مگر بدقسمتی سے آج ہم ان دونوں خوبیوں سے بے بہرہ ہیں ۔ ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے علمی و فکر ی فورم" ادراک "کی تعارفی نشست میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ادراک کے انچارچ طیب گلزار ، ناظم شعبہ تربیت جماعت اسلامی لاہو ر میاں محمد رفیع ، امیر زون 173 عبدالواحد چوہدری ، ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور عمر شہباز سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہیں انھیں علم و تحقیق کی طرف رغب کرنا ہو گا، ہمیں ایسے مواقع پیدا کرنے ہوں گے جہاں علم و تحقیق کے ذریعے نوجوانوں میں علمی و فکری جذبہ پیدا ہو، لاہور میں ادراک فورم کے قیام کا مقصد نوجوانوں کے اندر علمی و فکری صلاحیتیں پیدا کرنا ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ادراک فورم کی کامیابی کے لیے جماعت اسلامی اپنا بھر پور کردار ادا کریگی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں