پاکستان پر73سال سے ایک ہی طبقہ کے لوگ حکمران ہیں ،قیام پاکستان سے اب تک قوم کے ساتھ حکمرانوں کا رویہ انتہائی غیر سنجیدہ رہا ہے، راشد نسیم

جمعہ 19 اپریل 2019 21:22

ٰلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان پر73سال سے ایک ہی طبقہ کے لوگ حکمران ہیں ،قیام پاکستان سے اب تک قوم کے ساتھ حکمرانوں کا رویہ انتہائی غیر سنجیدہ رہا ہے ۔ عوام نے کبھی روٹی کپڑا اور مکان ،کبھی تعمیر وطن اور کبھی تبدیلی کے نعروں پر ووٹ دیئے مگر ایک بار بھی عوام کو ان کے حقیقی نمائندے نہیں ملے بلکہ ہر بار ان کی امیدوں اور توقعات کا خون کیا گیا ۔

تمام جماعتوں کے ووٹرزقابل رحم ہیں جنہوں نے پورے اخلاص کے ساتھ ظلم و جبر کے استحصالی نظام کو تبدیل کرنے کیلئے اپنی توانائیاںخرچ کیں مگر انہیں مایوسیوں اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے میر پور خاص میں ضلعی ذمہ داران اور کارکنان کے تربیتی سٹڈی سرکل کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

راشد نسیم نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک ملک پر ایک ہی گروہ اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہے جو چہرے بدل بدل کر عوام کی گردنوں پر سوار ہوتا ہے اور ان کی خوشیوں اور امیدوں کا خون کرتا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر کی جگہ وزارت خزانہ سنبھالنے والے حفیظ شیخ پہلے پیپلز پارٹی کے وزیر خزانہ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام نے تمام پارٹیوں کو بار بار آزما کر دیکھ لیا ہے مگر کسی جماعت نے بھی عوامی مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا۔اب عوام کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی جاگیرداروں وڈیروں یا سرمایہ داروں کی نہیں عام اور مڈل کلاس لوگوں کی جماعت ہے ۔

ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ،ہم مختلف جماعتوں کے سیاسی کارکنوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو ان کے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔جماعت اسلامی نے آج تک اپنے ووٹر اور سپورٹرز کو مایوس یا شرمندہ نہیں کیا۔ ہمارے دامن ہر طرح کی کرپشن سے پاک ہیں ، ہمارے لوگ سینیٹ ،قومی و صوبائی اسمبلیوں اور کراچی جیسے بڑے شہر کے میئر رہے اور اپنی کارکردگی سے ثابت کیا کہ اہلیت اور دیانت کے حوالے سے جماعت اسلامی کے پائے کی کوئی دوسری جماعت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کررہی ہے عوام متحد ہوکر ہمارا ساتھ دیں تو ملک کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنایا جاسکتا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں