غیر قانونی شکار کو کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، بچوں کی تفریح کیلئے جلد لاہور چڑیا گھر میں ہاتھی کا اضافہ کیا جائے گا، صوبائی وزیر محمد سبطین خان

جمعہ 19 اپریل 2019 23:51

لاہور۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) صوبائی وزیر جنگلات و ائلڈ لائف و فشریز محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جنگلی جانوروں کے تحفظ اور غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ لاہور چڑیا گھر میں ہاتھی کی دستیابی کے بارے میں ہدایات جاری کی ہیں کہ جلد از جلد تمام تر ضروری کارروائیوں کو مکمل کر کے بچوں کیلئے چڑیا گھر میں ہاتھی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔

صوبائی وزیر نے محکمہ وائلڈ لائف کو ہدایات جاری کیں کہ سر پلس جانوروں کی فروخت صاف شفاف انداز میں نیلامی کے ذریعے کی جائے ۔ انہوں نے یہ بات پنجاب وائلڈ لائف اینڈ پارکس ڈیپارٹمنٹ میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف کیپٹن (ر)سہیل اشرف اور محکمہ وائلڈ لائف کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف کیپٹن (ر)سہیل اشرف نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متحدہ عرب عمارات کی جانب سے اٹھارہ شیر پنجاب حکومت کو بطو ر تحفہ دیئے جا رہے ہیں ۔

جو بہت جلد لاہور چڑیا گھر میں منتقل کر دیئے جائیں گے ۔وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات اٹھا رہا ہے ۔اس ضمن میں تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے انتہائی موثر حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے۔غیر قانونی شکاریوں کی نشاندہی پر فوراًً ایکشن لے کر گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی اور جرمانے کی شرح کو بھی کافی حد تک بڑھایا جا رہا ہے ۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر جنگلات محمد سبطین خان نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اقدمات کر رہی ہے ۔وائلڈ لائف کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ متحدہ عرب عمارات سے ملنے والا تحفہ بہت جلد لاہور چڑیا گھر کی زینت بننے جا رہا ہے ۔ لاہور چڑیا گھر میں بچوں کی تفریح کے پیش نظر بہت جلد ہاتھی بھی منگوا لیے جائیں گے اس ضمن میں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ صوبے میں موجود جنگلی جانوروں کو قدرتی ماحول میں تحفظ فراہم کرنے کیلئے موثر حکمت عملی مرتب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات صوبے میں بڑے پیمانے پر قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی زمین پر شجر کاری کر رہا ہے ۔وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق جنگلات کو ان کی اصل حالت میں واپس لانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں