خوشیاں منانے اور پیار و محبت بانٹنے کانام وساکھی ہے ،وساکھی امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے،

مہمان نوازی میں پاکستان جیسی مثال دنیا میں کوئی اور نہیں ،پاکستان کا واحد مقصد امن اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے ْوزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راسکا ایوان اقبال میں منعقدہ وساکھی سمینار کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 اپریل 2019 16:47

ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ خوشیاں منانے اور پیار و محبت بانٹنے کانام وساکھی ہے ،وساکھی امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے ،مہمان نوازی میں پاکستان جیسی مثال دنیا میں کوئی اور نہیں ،پاکستان کا واحد مقصد امن اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایوان اقبال میں منعقدہ وساکھی سمینار کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ پنجاب کی شان، پنجابی زبان انتہائی میٹھی اور دوستی کے جذبے سے بھرپور ہے جس کا پیغام اور فلسفہ خوشیاں بانٹنا ہے ،وزیر اعظم عمران خان انسانیت کے درد کو سمجھتے ہیں اور انکا واضح پیغام ہے کہ انسانیت کی خدمت میں ہی عظمت ہے اور یہی ہماری حکومت کا مقصد بھی ہے۔

(جاری ہے)

ننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک کے نام سے سپورٹس کمپلیکس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ ان کے نام سے منسوب سکول کو بھی بابا گورو نانک کے نام سے بحال کر دیاگیا ہے ،لاہور میں گورو مکھی پڑھانے کے لیے جلد سکول کا قیام عمل میں لایا جائے گا ،ہمسایہ ملک سے آنے والے مہمانوں کو دی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔

تقریب میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری محمد طارق وزیر ،ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران گوندل ،پی آر او عامر حسین ہاشمی ،سنتوک سنگھ ،سیولین کور آف یو کے سمیت اندرون و بیرون ملک سے آئے سینکڑوں مرد و خواتین سکھ یاتریوں نے شرکت کی ۔اقلیتی امور کے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سردار منیندپال سنگھ نے کہاکہ سکھ قوم کو تقسیم کرنے اور انہیں آپس میں لڑانے کی سازشیں ہو رہی ہیں جو ہم سب ملک کر ناکام بنائیں گے ،بھارت عوام دشمن پالیسی پر گامزن ہے اورسکھ قوم اس کی بھر پور مخالفت کرتی ہے ،بھارتی سکھ اپنے ووٹ کا درست استعمال کریں اور اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں ، مودی کرتار پور راہداری کھولنے کا مخالف ہے جس کی پوری سکھ قوم بھر پور مذمت کرتی ہے ۔

بھارتی جتھہ لیڈر سردار رویندر سکھ خالصہ نے کہا کہ ہماری سوچ سے زیادہ ہمیں عزت و احترام دیا گیا ،ہماری سیکورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات قابل تعریف ہیں۔دہلی گورودوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے پارٹی لیڈر سردار دلجیت سنگھ سرنا نے کہا کہ یاتریوں کی پاکستان آنے کے لیے ویزہ پالیسی کو نرم بناتے ہوئے ویزہ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، پاکستانی حکومت کے اقدامات پر بے خد شکر گزار ہیں۔

پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے کہا کہ کرتار پور راہداری کا 70 فی صد کام ہو چکا ہے جو نومبر سے پہلے مکل کرلیا جائے گا، حکومت پاکستان بابا گورو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر 550 روپے مالیت کا سرکاری سکہ ، سرکاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے اور یاتریوں کی رہائش کو بہتر بنانے ،سینکڑوں نئے کمرے تعمیرکرنے کے اقدامات کر رہی ہے جس کا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں ،550 سالہ تقریبات تاریخی ہوں گی۔

تقریب سے سابق پردھان سردار بشن سنگھ ،سردار سنتا سنگھ پارٹی لیڈر بھائی مردانہ گروپ ،احسان ندیم ،پروفیسر خورشید کمال ،انمول گوہر ،فرح کمال سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے بابا گورو نانک جی کی انسانیت کے لیے کی گئی خدمات اور وساکھی کے موضوع پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔آخر میں صوبائی وزیر سمیت بھارت سے آئے مہمانوں میں خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے ۔اس موقع پر سکھ یاتریوں نے پاکستان زندہ باد، وزیر اعظم عمران خان زندہ باد اور سکھ مسلم دوستی زندہ باد کے نعرے لگوائے، مہمانوں کو ظہرانہ بھی دیا گیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں