w کپتان کے کھلاڑی اناڑی ثابت ہوئے ہیں، شاہ محمد اویس نورانی

کپتان کو کھلاڑیوں سے استعفے لینے کی بجائے خود استعفی دینا چاہئے، تبدیلی کا نعرہ صرف وزراء اور بیوروکریٹس کی تبدیلی تک محدود ہو گیا م* اسد عمر کی ناکامی دراصل حکومت کی ناکامی ،عمران خان کا تراشا گیا بت ٹوٹ چکا ہے ، آٹھ ماہ بعد ہی حکومت کے ہاتھ پاؤں پھولے نظر آ رہے ہیں، اگلے سال مڈٹرم الیکشن ہونا نوشتہ دیوار ہے،ترجمان ایم ایم اے

ہفتہ 20 اپریل 2019 19:47

/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2019ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ کپتان کے کھلاڑی اناڑی ثابت ہوئے ہیں۔ کپتان کو کھلاڑیوں سے استعفے لینے کی بجائے خود استعفی دینا چاہئے۔ تبدیلی کا نعرہ صرف وزراء اور بیوروکریٹس کی تبدیلی تک محدود ہو گیا ہے۔

اسد عمر کی ناکامی دراصل حکومت کی ناکامی ہے۔ عمران خان کا تراشا گیا بت ٹوٹ چکا ہے۔ عمران خان اپوزیشن کو بلڈوز کرنے کا خیال چھوڑ دے۔ وزیراعظم کا اوپننگ بیٹسمین زیرو پر آؤٹ ہو گیا ہے۔ بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ حکومت کو اپوزیشن نہیں اپنی نااہلی سے خطرہ ہے۔ آٹھ ماہ کی ناقص ترین حکومتی کارکردگی نے عمران خان کی نااہلی ثابت کر دی ہے۔

(جاری ہے)

صدارتی نظام لانے کی کوشش ہوئی تو مزاحمت کریں گے۔ عید کے بعد حکومت کے خلاف بڑی تحریک چلے گی۔ تمام اپوزیشن جماعتیں حکومت مخالف تحریک چلانے پر متفق ہیں۔ اگلے سال مڈٹرم الیکشن ہونا نوشتہ دیوار ہے۔ برسر اقتدار آنے کے آٹھ ماہ بعد ہی حکومت کے ہاتھ پاؤں پھولے نظر آ رہے ہیں۔ نااہل اور نابالغ حکومت نے عوام کے چودہ طبق روشن کر دیئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ حکومت مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کے لئے موثر فیصلہ سازی سے عاری ہے۔ حکومت نے قرضے لینے کے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ حکمرانوں پر گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ طاری ہے۔ پی ٹی آئی کی اندرونی لڑائی سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے والے مایوس ہو چکے ہیں۔ ڈالر کی اونچی اڑان، روپے کی قدر میں کمی اور اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ اس نااہل حکومت کی رخصتی ہی تمام مسائل کا حل ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں