لاہوریوں کو جانوروں کی باقیات سے نکلا تیل کھلانے کی بڑی کوشش ناکام

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں ویجیلنس کا بڑا آپریشن،8360 لیٹر باقیات سے نکلا تیل پکڑلیا ملزم موقع سے گرفتار، مقدمہ درج،مضر صحت تیل ہوٹلوں اور نمکو فیکٹریوں کو سپلائی کیا جانا تھا‘،صوبے کو ملاوٹ مافیا کیلئے نوگو ایریا بنائینگے ‘ کیپٹن (ر) عثمان

ہفتہ 20 اپریل 2019 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سر براہی میں ویجیلینس سیل نے شہر لاہور میں صحت دشمن عناصر کی چالاکی ناکام بنا دی ہے،8360 لیٹر مضر صحت تیل برآمد کرتے ہوئے ملزم موقع سے گرفتار اورمقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارتی نے لاہوریوں کو جانوروں کی باقیات سے نکلا تیل کھلانے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں ویجیلنس ٹیم نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے 8360 لیٹر باقیات سے نکلا تیل پکڑلیا۔ویجیلینس ٹیموں نے خفیہ اطلاع موصول ہونے پر بند روڈ پر ناکہ لگا کر کارروائی کی۔اطلاعات کے مطابق گاڑی نمبری ایل ای ایس 177 میں تیل کے ڈرم چھپا کے لائے جا رہے تھے۔

(جاری ہے)

فوڈ سیفٹی ٹیم نے چیکنگ کے دوران ملزم عبدالحمید کمبوہ کو پکڑ کر تھانہ مسلم ٹاون میں مقدمہ درج کروا دیا جبکہ موقع سے ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

اس بارے میںڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ باقیات سے نکلا تیل ہوٹلوں اور نمکو فیکٹریوں کو سپلائی کیا جانا تھا۔ باقیات سے نکلے ناقص تیل کے استعمال سے متعدد موذی امراض لاحق ہوتے ہیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے تحت باقیات سے نکلا تیل صرف بائیو ڈیزل میں استعمال ہو سکتا ہے۔کیپٹن (ر) محمد عثمان نے واضح کیا کی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ملاوٹ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے کو ملاوٹ مافیا کے لیے نوگو ایریا بنائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں