وساکھی میلہ ،خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے آئے سکھ یاتری خصوصی ٹرین کے ذریعے واپس روانہ

یاترا کی مدت کو 10دن سے بڑھا کر 15دن کیا جائے ،ہزاروں سکھ اپنے گورو کی دھرتی کے درشن کیلئے بیتاب ہیں‘ سکھ لیڈروں کی گفتگو

اتوار 21 اپریل 2019 15:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2019ء) وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے آئے 1898سکھ یاتری پاکستان زندہ باد ،وزیر اعظم عمران خان زندہ باد اورسکھ مسلم دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے ہوئے بذریعہ خصوصی ٹرین واپس روانہ ہو گئے۔لاہور ریلوے اسٹیشن پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری محمد طارق وزیر ،ڈپٹی سیکرٹری شرائنز عمران گوندل اور دیگر افسران نے سکھ یاتریوںکو خصوصی تحائف دیتے ہوئے رخصت کیا ۔

اس موقع پر موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی لیڈر سرداررویندر سنگھ خالصہ ،نے کہاکہ ہم حکومت پاکستان کے بہت شکر گزار ہیں جنہوںنے ہمیں بہت عزت اور پیار سے نوازااور ہم حسین یادیں لے کر واپس روانہ ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی کہ ہماری یاترا کی مدت کو 10دن سے بڑھا کر 15دن کیا جائے تاکہ ہم اپنی مذہبی رسومات باآسانی ادا کر سکیں ۔

دہلی گورو دوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار دلجیت سنگھ سرنا نے بھی یاترا کے 10محدود دنوں کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ یاتریوں کے لیے ویزہ کی تعداد کو بڑھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں سکھ اپنے گورو کی دھرتی کے درشن کرنے کے لیے بیتاب ہیں ۔بھائی مردانہ گروپ کے پارٹی لیڈر سردار سنتا سنگھ ،کا کہنا تھا کہ ابھی ہماری سفری تھکاوٹ ہیں نہیں اتری کہ ہماری یاترا کے ویزہ کی مدت ختم ہو گئی ۔

سیکرٹری بورڈ محمد طارق وزیر نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان وفاقی وزیر مذہبی امورو چیئرمین بورڈ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں مہمانوں کی مہمان نوازی میں کوئی کمی نہیں چھوڑی ۔وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت پولیس رینجرز اوردیگر اداروں داخلہ ،خارجہ ،ایف آئی اے ،ضلعی انتظامیہ ،ریلوے اور ضلعی افسران کا خصوصی طور پر شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمارے ساتھ تعاون کیا اور دنیا بھر میں پاکستان کی نہ صرف نیک نامی میں اضافہ ہوا بلکہ پاکستان کو اقلیت نواز ملک ثابت ہونے میں کردار ادا کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں