& ناکام معاشی پالیسیاں، آئی ایم ایف ایجنڈے کے مطابق قوم کو گروی رکھ دیا گیا: پیر معصوم نقوی

اتوار 21 اپریل 2019 20:01

+ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2019ء) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کے باعث ملک میں آئی ایم ایف کا ایجنڈا چلایا جارہا ہے۔ قوم کو گروی رکھ دیا گیا ہے۔ ابھی تو عید کے بعد آنے والے بجٹ میں عوام کے لئے مزید مشکل دن آنے والے ہیں۔

رمضان المبارک شروع ہونے سے پہلے ہی ہر چیز مہنگی کردی گئی ہے۔ جس سے غریب آد می کا جینا محال ہوچکا ہے۔ مزدور اور تنخواہ دا رطبقہ بہت متاثر ہور ہے ہیں۔ مہنگائی ، بیروزگاری اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث اشیاء خورد و نوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں۔ عوام کی قوت خرید ختم ہوتی جارہی ہے۔ حکمرانوں کا ایجنڈا اسی طرح چلتا رہا ، خود انحصاری کے ساتھ اپنے وسائل پر توجہ نہ دی گئی تو وہ دن دور نہیں جب عوام برسراقتدار ٹولے کے گریبان کو پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

نیب کے دباو اوراپوزیشن جماعتوں کے قائدین پر کرپشن کے سنگین الزامات کی آڑ میں عوام کو زیادہ دیر بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ لوگوں کو سمجھ آگئی ہے کہ ماضی کی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں کی طرح تحریک انصاف کی ترجیح بھی عوام نہیں، صرف اپنا اقتدار اور بیرونی قوتوں کا ایجنڈا ہے، تاکہ آئی ایم ایف کی قسط پوری کردی جائیں جس کے لئے بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات مہنگی کردی گئیں۔

یہ وہ دکھ اور مصیبت ہے جس کا ہر روز ہر خاندان سامنا کرتا ہے۔ متوسط طبقہ توعرصہ ہوا ختم ہوچکا ہے۔اب صرف امیر اور غریب کے ہی طبقات ہیں۔ خط غربت سے مزید 50 لاکھ افراد نیچے آچکے ہیں۔ جو کہ تشویش کا باعث ہے۔ یہ باتیں انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق عوا م کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ حکومتی نااہلی چھپانے اور عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کے لئے وزرا سے ڈرامے بازیاں کروائی جاتی ہیں اور دھواں دھار بیانات دلوائے جاتے ہیں۔کابینہ میں تبدیلی کا بھی کوئی فائدہ عوام کو ہوگا نہ ملک کو۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں