بھاٹی گیٹ ‘مکان زمین بوس ہونے سے جاں بحق ہونے والے 6افراد کو نمازِ جنازہ کے بعد سپرد خاک کردیاگیا

اتوار 21 اپریل 2019 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2019ء) لاہور کے علاقہ بھاٹی گیٹ میں تین منزلہ مکان زمین بوس ہونے سے جاں بحق ہونے والے 6افراد کو اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کے بعد میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ، نمازِ جنازہ میں عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اندرون بھاٹی گیٹ کے محلہ اسلم خان میں تین منزلہ مکان زمین بوس ہونے سے جاں بحق ہونے والے 6افراد شاہین بی بی ، شہزاد ، قاسم ، 55سالہ فرزانہ ،45سالہ بشری اور 12سالہ عبداللہ کواجتماعی نمازِ جنازہ کے بعد آہوں اورسسکیوں میں میانی صاحب قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ۔

نمازِ جنازہ میں عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ہر آنکھ اشک بار اور فضا سوگوار رہی ۔تدفین کے موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اورصوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید نے میوہسپتال میں حادثے میں زخمی ہونے والے 40 سالہ خضر حیات، 15 سالہ نعاف، 6 سالہ حسیب اور 3 سالہ اریب کی عیادت کی اور سوگواران سے تعزیت کااظہار کیا ۔ یادرہے کہ جاںبحق ہونے والے افراد کی تدفین کے انتظامات ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں