مسیحی برادری پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، اعجازاحمد چوہدری

پیر 22 اپریل 2019 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجازاحمد چوہدری نے کہا ہے کہ مسیحی برادری پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، ایسٹر کے تہوار کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ،اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، ان کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور پی ٹی آئی حکومت اپنی یہ ذمہ داری بطریق احسن نبھا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ڈی ایچ اے میں مسیحی برادری کی جانب سے ایسٹر کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملکی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا کردار لائق تحسین ہے، تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات قابل تعریف ہیں، ایسٹر کا حقیقی پیغام آپس میں پیار، محبت اور خوشی بانٹنا ہے، ہمیں دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان میں مذہبی رواداری، اخوت، بھائی چارے اور ایک دوسرے کے حقوق کی مکمل پاسداری کی جاتی ہے ہمیں سب سے زیادہ ضرورت اتحاد اور یکجہتی کی ہے تبھی ہم اپنے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں، ماضی میں صرف اشرافیہ کو نوازنے کے لئے پالیسیاں بنائی گئیں اور مخصوص طبقہ امیر ہوتا گیا اور عام آدمی غریب ہوتا رہا، نئے پاکستان میں اس ظالمانہ نظام کی کوئی گنجائش نہیں ہے، عام آدمی کو وہ سہولیات دینے کے لئے کام کر رہے ہیں جو اس کا حق ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن کے بڑے بڑے نام بے نقاب کئے ہیں، ہمارا مقصد عوام کی خدمت ہے ، کوئی اور ایجنڈا نہیں، نیاپاکستان نئی سوچ اور نئے جذبوں سے عبارت ہے کسی کو تبدیلی کے ایجنڈے کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیں گے۔

اس موقع پر اعجازاحمد چوہدری نے ایسٹر کا کیک کاٹا۔ تقریب میں پارٹی رہنما علی رضا نقوی، آفتاب گل، ملک فقیر حسین، میاں رحمت، عادل چوہدری،چوہدری قدیر، میاں جاوید رحمت سمیت دیگر کارکنان اور رہنما موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں