حکومت نے متروکہ وقف املاک بورڈکی تشکیل نوکردی

تین سال کیلئے بنائے گئے بورڈکے ممبران کی مجموعی تعداد 25، چیئرمین متروکہ وقف املاک سربراہ ہونگے

پیر 22 اپریل 2019 18:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) وفاقی حکومت نے متروکہ وقف املاک بورڈکی تشکیل نوکردی ہے۔ تین سال کے لئے بنائے گئے بورڈکے ممبران کی مجموعی تعداد 25جبکہ چیئرمین متروکہ وقف املاک سربراہ ہوں گے۔ وفاقی وزارت مذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی کی طرف سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 25رکنی بورڈ میں 6 سرکاری اور 19 غیر سرکاری ممبران شامل کئے گئے ہیں۔

سرکاری ممبران میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور،سیکرٹری ہیومن رائٹس پنجاب، سیکرٹری اقلیتی امور سندھ، سیکرٹری اوقاف خیبر پختونخواہ اور سیکرٹری مذہبی امور بلوچستان شامل ہیں جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے پرائیویٹ ممبران میں سے 10 پنجاب، 3 سندھ، 1 بلوچستان، 3 خیبر پختونخواہ، 1 فاٹا اور 1 کا تعلق گلگت بلوچستان سے ہے۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق اراکین قومی اسمبلی شنیلہ روتھ، وجیہہ اکرم، رکن صوبائی اسمبلی مہندر پال سنگھ پنجاب کے اراکین میں شامل ہیں، اسی طرح بیرسٹر پیرزادہ اورنگ زیب، بریگیڈئیر (ر)اختر نواز جنجوعہ، مس عائشہ مصدق حامد، سردار گوپال سنگھ چاولہ، سید ضیا النور سردار نجم الثاقب، پیر طارق احمد شاہ، پنجاب سے ممبر کے طور پر شامل ہیں۔

سندھ سے سری چاند، راجہ اثر مل منگلانی، اور ڈاکٹر ہری لال کو ممبر بنایا گیا ہے۔خیبر پختونخواہ سے گل چرن سنگھ، رکن اسمبلی کے پی کے روی کمار اور ڈاکٹر شمس الرحمن شمس کو ممبر بنایا گیاہے جبکہ سردار جنسیت سنگھ بلوچستان، عبدالغفور خان کو فاٹا جبکہ ناصر حسین زمانی کو گلگت بلوچستان سے بطور ممبر شامل کیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں