ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے آن لائن ڈیجیٹل میگزین کے اجراء کی تقریب

حکومت خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے سرگرم عمل ہے، آشفہ ریاض فتیانہ

پیر 22 اپریل 2019 22:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2019ء) صوبائی وزیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب معاشرے کے محروم طبقات کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں خواتین کو بے پناہ دبائو اور پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ زندگی کی دوڑ میں مردوں کے ہم پلہ کام کر کے زمانے میں اپنا مقام بنانے سے محروم رہتی ہے۔

انہوں نے ان والدین کو خراج تحسین پیش کیا جو اپنی بیٹیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے اور آج کی یہ تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے ایک مقامی ہوٹل میں یہاں ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے آن لائن ڈیجیٹل میگزین کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جس میںمہمان خصوصی،صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، آشفہ ریاض فتیانہ کے ساتھ ساتھ سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ارم بخاری، محکمہ کے افسران، خواتین پارلیمینٹیرینز، سرکاری افسران، این جی اوز ، میڈیا اور تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ارم بخاری نے تقریب کے شرکاء سے اپنے تعارفی خطاب میں کہا کہ آج ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے جب محکمہ روایتی اشتہارات اور پمفلٹ وغیرہ کی دنیا سے نکل کر اب ڈیجیٹل دور میں داخل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل میگزین پاکستان میں سرکاری شعبے میں کسی بھی محکمہ کی جانب سے جاری کیا جانے والا پہلا ڈیجیٹل میگزین ہو گا۔ میگزین کے اجراء کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ڈیجیٹل میگزین کی مدد سے اب پنجاب کی خواتین اور پالیسی ساز افراد کے درمیان ڈیجیٹل رابطہ قائم ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ڈیجیٹل میکانزم ہے جو خواتین کو نہ صرف محکمہ کی جانب سے ان کی معاشی خودمختاری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے باخبر رکھے گا بلکہ اس کی مدد سے خواتین کی قیمتی آرا اور ان کے فیڈ بیک کا فوری حصول ممکن ہو گا جس سے متعلقہ افراد اور ادارے ضروری اقدامات بروقت اٹھا سکیں گے۔

ارم بخاری نے شرکاء کو بتایا کہ ڈیجیٹل میگزین میں خواتین کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کے لیے آرٹیکلزاور مضامین کے ساتھ ساتھ معلوماتی ویڈیوز اور آگاہی گائیڈز بھی شامل ہوں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں