جانور، پرندے کیڑے مکوڑے ، آبی مخلوقات اور پودے اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ ہیں،

معدومی کا شکار جانوروں اور پرندوں کے تحفظ و بحالی کاعہد کرنا ہوگا ،ڈی جی وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب

پیر 22 اپریل 2019 23:30

لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے کہاہے کہ زمین پر بسنے والے لاکھوں ، کروڑوں اقسام کے جانور، پرندے کیڑے مکوڑے ، آبی مخلوقات اور پودے اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ ہیں۔موسمیاتی تبدیلیوں، غیر قانونی شکار، جنگلی حیات کے مساکن کی تباہی ،جنگلی حیات کی غیر قانونی خرید و فروخت نے ان گنت جانوروں اور پرندوں کو معدومی کے خطرے سے دوچار کردیا ہے۔

آج ہمیں ارتھ ڈے کے عالمی دن پر دئیے گئے موضوع "اپنی جنگلی حیات کی حفاظت"کے حوالے سے معدومی کا شکار جانوروں اور پرندوں کے تحفظ و بحالی کاعہد کرنا ہوگا تاکہ ہماری آنیوالی نسلیں قدرت کے اس حسین سے تحفہ سے محظوظ ہوسکیں۔ انہوں نے یہ بات یہاں جلو وائلڈلائف پارک میں ارتھ ڈے کے عالمی دن کے حوالے سے منعقد ہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن عبدالشکور منج اوردیگر افسران کے علاوہ اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدرمنیر، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے شعبہ زوالوجی کے چیئر مین پروفیسر حافظ محمد طاہر اور پروفیسر عاطف یعقوب اور طلباو طالبا ت بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔ ڈی جی وائلڈلائف نے کہا کہ ارتھ ڈے کا عالمی دن منانے کا مقصد انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کٹائی اور آلودگی سے متاثر ہو کر وائلڈلائف کی معدوم ہوتی مختلف اقسام کی نسلوں کو محفوظ بنانے کیلئے دنیا بھر کے لوگوں کی توجہ اس اہم مسئلہ پر مرکوز کروانا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب صوبے بھر میں ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار جنگلی جانوروں اور پرندوں کے تحفظ ، بقا اور افزائش نسل اور ان کے قدرتی مساکن کی بحال کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے تاہم یہ اہم کام بھرپور عوامی شرکت کے بغیر ممکن نہیں۔ سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدرمنیر نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے ملک میں پائی جانیوالے جانوروں اور پرندوں کی تمام اقسام اور ان کی آما جگاہوں کے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا ۔

ڈاکٹر حافظ طاہر نے تجویز پیش کی کہ معدومی کے خطرے سے دوچار جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کے حوالے سے مضامین پرائمری کی سطح پر نصاب میں شامل کئے جائیں۔ پروفیسر عاطف یعقوب نے کہا کہ معدوم ہوتے جانوروں اور پرندوں کے تحفظ و بحالی کیلئے تمام مکاتب فکر اوراداروں کو آن بورڈ لینے کی ضرورت ہے ۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل نے وائلڈلائف فوٹوگرافی کی نمائش کا بھی افتتاح کیا اور زیر نمائش فن پاروں کے فوٹو گرافرز نے انہیں تصاویر کے حوالے سے بریف کیا ۔بعدازاں انہوں نے ارتھ ڈے کے حوالے سے آگہی واک کی بھی قیادت کی جس میں اعزازی گیم وارڈن پنجاب بدرمنیر ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے اساتذہ اور طلباو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں