عدا لت نے بی بی پاک دامن کے دربار کی تزئین وآرائش کیلئے متفرق درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب کو آخری موقع دیدیا ، بی بی پاک دامن ٹرسٹ سے بھی جواب طلب

پیر 22 اپریل 2019 23:33

لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے بی بی پاک دامن کے دربار کی تزئین وآرائش کے لیے متفرق درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب کو آخری موقع دیا کہ وہ مزار کی تزین وآزائش پر مبنی رپورٹ پیش کریں، عدالت نے بی بی پاک دامن ٹرسٹ سے بھی جواب طلب کر لیا ،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے عاصمہ ممدوٹ کی درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ عدالت کے حکم کے باوجود چیف سیکرٹری نے رپورٹ پیش نہ کی جس پر ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری پنجاب کو رپورٹ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا۔

عدالت نے معروف آرکیٹیکچر نیر علی دادا کو بھی جواب داخل کرنے کی اجازت دے دی۔ عدالت کے روبرو عاصمہ ممدوٹ کی جانب سے بی بی پاک دامن در بار کی تزئین و آرائش کے لیے چندہ اکھٹا کرنے کا انکشاف ہوا تو سائرہ بتول نے عاصمہ ممدوٹ کے خلاف اعتراض دائر کیا ،سائرہ بتول نے موقف اختیار کیا کہ دربار کی تزئین آرائش محکمہ اوقاف کروارہا ہے، عدالت نے عاصمہ ممدوٹ کو دربار کے لیے چندہ اکھٹا کرنے سے روک دیا ،درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ محکمہ اوقاف کی جانب سے بی بی پاک دامن دربار کی حالت زار بہتر بنانے کے لیے اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وکیل نے الزام لگایا کہ سابق ادوار میں 30 ملین فنڈز خوردبرد کئے جانے کا اندیشہ ہے۔ درخواست میں میں استدعا کی گئی کہ دربار کی حالت کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست پر کارروائی 6 مئی کو ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں