اپوزیشن اپنی کرپشن کے معاملے پر ’’مٹی پائو فارمولہ ‘‘ چاہتی ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، آئندہ بجٹ اسکا آئینہ دار ہوگا ‘ رکن پنجاب اسمبلی

منگل 23 اپریل 2019 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سیاست کی آڑ میں قومی دولت لوٹنے والا مافیا احتساب کے شکنجے میں آ چکا ہے ، اپوزیشن اپنی کرپشن کے معاملے پر ’’مٹی پائو فارمولہ ‘‘ چاہتی ہے اور اسی لئے حکومت پر دبائو بڑھانے کی ناکام کوششیں کی جارہی ہیں ، تعلیم اور صحت سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے او ر آئندہ بجٹ اس کا آئینہ دار ہوگا ۔

مقامی تعلیمی ادارے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے خارجہ پالیسی میں توازن قائم کیا ہے اور آج پاکستان کے دنیا کے تمام ممالک سے تعلقات میں بہتری آرہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمرا ن خان کا حالیہ دورہ ایران اہمیت کا حامل ہے اور اس سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیاں دور ہوں گی بلکہ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں مل کر چلنے پر اتفاق کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے جتنا مرضی واویلا کر لیں انہیں احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا اور ملک و قوم کی لوٹی ہوئی پائی پائی واپس لوٹانا ہو گی ۔ اپوزیشن چاہتی ہے کہ ان کی کرپشن کیلئے ’’ مٹی پائو فارمولہ ‘‘ استعمال کیا جائے جو کسی صورت ممکن نہیں ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ حکومت معیاری اور یکساں تعلیمی نصاب کیلئے کوشاں ہیں اور تعلیم کے شعبے میں بھی اصلاحات کے ذریعے تبدیلیاں لائی جارہی ہیں جس سے ہمارے نوجوانوں کا مستقبل روشن اور تابناک ہوگا اور انہیں آگے بڑھنے میںبرابری کے مواقع میسر آئیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں