سی سی پی او لاہور بی اے ناصر سے زیر تربیت سول افسروں کے وفد کی ملاقات

اللہ تعالی نے آپ کو عوام کی خدمت کا موقع دیا ، تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں،ہمیشہ اپنی استعداد کار بڑھائیں کوئی پوسٹ غیر اہم نہیں ہوتی،اپنی ذمہ داریاں ہمیشہ قانون کے تابع ادا کریں‘سی سی پی او کی وفد سے گفتگو

منگل 23 اپریل 2019 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) سی سی پی او لاہور بی اے ناصر سے ان کے آفس میں سول سروسز اکیڈمی میں زیر تربیت افسروں کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی ایڈمن لاہور منتظر مہدی بھی موجود تھے۔ سول سروسز کے افسروں کا سی سی پی او آفس پر پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ وفد سے ملاقات کے دوران سی سی پی او نے عملی زندگی کے آغاز پر نوجوان افسروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ زمانہ طالب علمی اور عملی زندگی میں واضح فرق ہے۔

اللہ تعالی نے آپ کو عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے، اب یہ آپ کا فرض ہے کہ نہ صرف اپنی بساط کے مطابق شہریوں کے مسائل حل کریں بلکہ ان کی عزت نفس کا بھی خاص خیال رکھیں۔ صرف سول سروسز اکیڈمی میں حاصل کی گئی تربیت کافی نہیں ہوتی بلکہ آپ کو ہمیشہ اپنی استعداد کار بڑھانے پر توجہ دینا ہو گی کیونکہ تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں۔

(جاری ہے)

زیر تربیت افسروں کے مختلف سوالات کاجواب دیتے ہوئے بی اے ناصر نے کہا کہ ملازمت کے دوران کوئی پوسٹ غیر اہم نہیں ہوتی۔

آپ اپنے ٹیلنٹ کو ہر جگہ احسن انداز میں بروئے کار لا سکتے ہیں۔ ملک اور قوم نے آپ سے جو توقعات وابستہ کی ہیں انہیں ہمیشہ مقدم رکھیں۔ اپنی ذمہ داریاں ہمیشہ قانون کے تابع ادا کریں۔ پاکستان کی بہتری کے لئے آپ کو غیرمقبول فیصلے بھی کرنا پڑیں گے لیکن قانون کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنا کام جاری رکھیں۔ سی سی پی او بی اے ناصر نے وفد کے ارکان کو لاہور پولیس کی طرف سے خیرمقدمی شیلڈز بھی دیں اور ان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں