کلاسیکی موسیقی کے بے تاج بادشاہ استاد بڑے غلام علی خان کی51 برسی منائی گئی

منگل 23 اپریل 2019 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2019ء) برصغیر پاک و ہند میں کلاسیکی موسیقی کے بے تاج بادشاہ استاد بڑے غلام علی خان کو مداحوں سے بچھڑے 51 برس بیت گئے۔عظیم موسیقار نے جو راگ گایا وہ مسلم اور مستند ٹھہرا۔دل میں گھر کرنے والی میٹھی آواز اور پختہ سروں کے مالک پٹیالہ گھرانے کے چشم و چراغ استاد بڑے غلام علی خان دو اپریل انیس سو دو کو پنجاب کے شہر قصور میں پیدا ہوئیاستاد بڑے غلام علی خان نے اپنے والد استاد علی بخش خان اور چچا استاد کالے خان پٹیالہ والے سے موسیقی کی تربیت حاصل کی۔

چھ برس کی عمر میں ہی گلوکاری سے عشق کرنے والے استاد بڑے غلام علی خان نے کلاسیکی موسیقی کو نئے اسلوب سے آشنا کیا۔ موسیقی کی اس صنف خاص کو قصور پٹیالہ اسٹائل سے تعبیر کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

استاد بڑے غلام علی خان کلاسیکل میوزک کے ہر سر، تال اور راگ پر مکمل عبور رکھتے تھے۔ انہیں دھروید، بہرام خانی گائیکی، راگِ بہنگ، خیال، ایک تال، راگِ درباری اور راگِ ملہار پر بھی کمال دسترس حاصل تھی۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں استاد اعظم کے نام سے بھی نوازا گیا ۔استاد بڑے غلام علی خان نے گائیکی میں جو مقام حاصل کیا وہ آج تک کسی دوسرے فن کار کو نصیب نہیں ہو سکا۔تئیس اپریل انیس سو اڑسٹھ کو موسیقی کا یہ شہنشاہ بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں جہان فانی سے کوچ کر گیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں