رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کا طوفان حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکا ہے : ذکر اللہ مجاہد

جماعت اسلامی لاہور رمضان میں صوبائی حلقوں اور بڑی یونین کونسلز کی سطح پر فہم قرآن کلاسز کا انعقاد کرے گی

منگل 23 اپریل 2019 21:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ نیکیوں کے موسم بہار رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ۔ تلاوت قرآن ، تروایح کے اہتمام اور نوافل سے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے اہل لاہور ماہ رمضان کا بھر پور استقبال کریں ۔ رمضان اللہ تعالی کی رحمتیں اور عنایتیں حاصل کرنے کا مبارک مہینہ ہے ۔

اس ماہ مقدس میں اللہ رب العزت کو راضی کر کے دنیا و آخرت کی کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقہ جنوبی جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام ہونے والے رابط عوام اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور رمضان میں صوبائی حلقوں اور بڑی یونین کونسلز کی سطح پر ہفتہ روزہ فہم قرآن کلاسز کا انعقاد کریگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں اب تک ہزاروں افراد جماعت اسلامی کی ممبر شپ حاصل کر چکے ہیں اور رمضان المبارک میں یہ سلسلے مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کا طوفان حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ نااہل حکومت قومی سطح پر ڈلیور کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے جس کا نقصان ملک وقوم اُٹھانا پڑرہا ہے ۔

مہنگائی ، بے روزگار ی ، انصاف کی عدم فراہمی سے عوامی مسائل حل ہونے کی بجائے مزید گھمبیر ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے ہر جماعت اور پارٹی کو آزما لیا ہے اب قوم کے پاس دیانتدار ، محب وطن اور کرپشن سے پاک قیادت جماعت اسلامی کے سوا کوئی دوسراا ٓپشن نہیں ہے ۔ قوم فرد واحد اور موروثی سیاست کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے تاکہ حقیقی معنوں میں ملک کو اسلامی و فلاحی ریاست بنایا جا سکے ۔ذکر اللہ مجاہد نے اہل لاہور سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام ہونے والی فہم قرآن کلاسز میں بھر پور شرکت کریں اور اللہ تعالیٰ کے پیغام کو سمجھنے کی کوشش کریں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں