لاہور، احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور

منگل 23 اپریل 2019 21:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں۔ دوران سماعت شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف علاج کے غرض سے بیرون ملک گئے ہیں لہذا عدالت انکی حاضری معافی کی درخواست کو منظور کرے۔

(جاری ہے)

جج نجم الحسن نے استفسار کیا کہ بغیر اجازت شہباز شریف بیرون ملک کیسے جا سکتے ہیں جس پر وکیل امجد پرویز نے شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کی اور استدعا کی کہ صرف 8 مئی تک حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پیش ہو کر بھی یہ درخواست دے سکتے تھے نہ کہ باہر سے ہی بھجوا دیتے۔ادھر رمضان شوگر ملز ریفرینس میں حمزہ شہباز عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور استدعا کی کہ پنجاب اسمبلی کا سیشن چل رہا ہے لہٰذا عدالت سے جانے کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے انہیں جانے کی اجازت دے دی اور یہ باور کروایا کہ آپکی غیر موجودگی میں کیس کی کارروائی چلتی رہے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں