ماحولیاتی تبدیلیوں سے نہ صرف زرعی بلکہ صحت کے سنگین مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں ‘

صوبائی وزیر تمام مذاہب کے علمائے کرام اپنی اپنی عبادت گاہوں میں صفائی اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی پیداکریں ‘ محمد رضوان

منگل 23 اپریل 2019 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) صوبائی وزیر برائے تحفظ ماحول محمد رضوان نے کہاہے کہ دہشتگردی اور ماحولیاتی آلودگی میں مماثلت ہے کیونکہ ان سے انسانوں کو نقصان پہنچ رہا ہے، ماحولیاتی تبدیلیاں انسانی زندگی کو براہ راست متاثر کر رہی ہیں،ماحولیاتی تبدیلیوں سے نہ صرف زرعی مسائل جنم لے رہے ہیں بلکہ صحت کے سنگین مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیںجو آئندہ آنے والی نسلوں کو بھی متاثر کر یں گے۔

اس لئے ہمیں اپنے بچوںمیں اوائل عمرسے ہی شعور پیدا کرنے کے لئے درسی کتب میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق مضامین کو نصاب کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔ انٹر فیتھ ڈائیلاگ فورم کے زیر اہتمام" ماحول کا تحفظ ہماری ذمہ داری" کے عنوان پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ علماء ومشائخ کی رہنمائی اور مشاورت کے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔

(جاری ہے)

جس طرح انبیاء نے اپنی اقوام کو صفائی ستھرائی، پاکیزگی اور امن کا درس دیا اسی طرح علماء ومدرسین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مختلف مذاہب کے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنا فرض سمجھ کر اپنی اپنی عبادت گاہوں میں صفائی اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی پیداکریں۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ہمیں اپنے گردونواہ کو صاف ستھرا رکھنا چاہیے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے گھروںکی صفائی کے ساتھ ساتھ گلی محلوں کی صفائی کو یقینی بنانے کے لیے کمیونٹی کی سطح پر مقابلے کی فضاء پیدا کی جائے تاکہ لوگوں کی صفائی میں سبقت لے جانے کی کوشش ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا سبب بنے۔ انہوں نے مزید کہا کہپاکستان کو سرسبزوشاداب بنانے کیلئے ہر شہری اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائے ۔

نسل نو کو صاف ستھراماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ نوجوان نسل کو شجرکاری کی اہمیت اور اسکے ا ثرات سے آگہی دینا بھی ضروری ہے ۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت پیس سنٹر کے لان میں پودا بھی لگایا۔سمینار میں سانحہ سری لنکامیں دہشتگردوں کا نشانہ بننے والے افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی اور خصوصی دعابھی کی گئی۔ سیمینار میں بشپ عرفان جمیل، فادر جیمز چنن، جاوید وسیم، مولانا محمد عاصم مخدوم، مولانا ایوب خان ثاقب، ڈاکٹر مجید ایبل و دیگر مذاہب کے قائدین نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں