صوبائی وزیر خوراک سے سیکرٹری خوراک پنجاب نسیم صادق کی ملاقات

ْپنجاب کا ہر ایک کسان میرا بھائی ہے اورباردانہ کی ترسیل میں 100فیصد شفافیت ہوگی‘سمیع اللہ چوہدری

منگل 23 اپریل 2019 23:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری سے سیکرٹری خوراک پنجاب نسیم صادق نے ملاقات کی۔ جس میں صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ گندم کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خوارک نے کہا کہ پنجاب کا ہر ایک کسان میرا بھائی ہے اورباردانہ کی ترسیل میں 100فیصد شفافیت ہوگی۔

اُنہوں نے کہا کہ 10ایکڑ رقبہ کی حد تک تمام کاشتکاروں کو باردانہ فراہم کیا جائے گا۔ہر کاشت کار کو باردانہ کے اجراء کا شیڈول انفرادی طور پر اسکے موبائیل نمبر پر بذریعہ 9211ایس ایم ایس بھجوایا جائے گا۔سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ موصول ھونے والی 8لاکھ 59ہزار درخواستوں کی تصدیق ہوئی ہے جن کا درخواست دینے والے کسانوں کے نمبر وں پر ایس ایم ایس کردیا جائے گااورکاشتکاروں کی سہولت کے لیے ٹال فری نمبر 24 گھنٹے شکایات کے لیے کام کریں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ گندم کے کاشتکار بھائیوں سے گذارش ہے کہ خریدار ی سنٹر پر خراب اور گیلی گندم لانے والوں کی نشاندہی کریں۔اُنہوں نے کہا کہ جس طرح گنے کے کاشتکاروں کو انکے پاؤں پر کھڑا کیا ہے اسی طرح گندم کے کاشتکاروں کے حقوق کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔بعدا زاں اُنہوں نے اپنے ایک پیغام میں گندم کے کاشتکاروں سے کہا کہ پچھلے دنوں ہونے والی ژالہ باری اور طوفان کے باعث فصلوں کے نقصان والے علاقوں کو ریلیف دیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں