تمام جمہوری پارلیمانی قوتوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو سب کچھ سب کے ہاتھ سے چلا جائے گا‘لیاقت بلوچ

وزیراعظم ہر روز اپنے بیانیہ اور بغیر کسی تیاری اور گہرائی و مہارت کے نئے سے نئے تنازعات خود پیدا کر رہے ہیں‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

بدھ 24 اپریل 2019 19:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ ملک بحرانوں اور دشمنوں کے ہدف پر ہے ، حکومت ، سیاسی قیادت ، پارلیمانی لیڈر شپ اجتماعی طور پر غیر ذمہ دارانہ ، غیر جمہوری اور قومی کردار سے عاری کردار ادا کر رہی ہے ، تمام جمہوری پارلیمانی قوتوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو سب کچھ سب کے ہاتھ سے چلا جائے گا،جماعت اسلامی ملک کے اسلامی جمہوری پارلیمانی کردار کی حفاظت کرے گی ، اسلامی قوانین کو چھیڑنے کی ہر منفی شرارت کا تمام دینی قوتوں کی طاقت سے سدباب کریں گے ۔

حکمران آئین اور آئینی ترامیم کو بازیچہ اطفال نہ بنائیں۔ صوبوں کے اختیارات نہ چھینے جائیں ۔ فیڈریشن آئین کے مطابق اپناکردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ عمران خان سے قوم اور نوجوانوں نے جتنی امیدیں وابستہ کی تھیں ، بہت ہی قلیل مدت میں مایوسی میں بدل رہی ہیں ۔وزیراعظم ہر روز اپنے بیانیہ اور بغیر کسی تیاری اور گہرائی و مہارت کے نئے سے نئے تنازعات خود پیدا کر رہے ہیں ۔

کابینہ اب عمران خان کی نہیں ،ریموٹ کنٹرول کہیں اور منتقل ہوگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ معاشی محاذ پر مہنگائی ، بے روزگاری اور ہر سرکاری محکمہ میں رشوت ، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کے لیے وبال جان بن گیاہے ۔کرپشن ختم نہیں اور بڑھتی جارہی ہے ۔ ترقی کا پہیہ جام ہوگیا ہے اور عوام کا خون نچوڑا جارہاہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں