صوبہ بھر میں 309 رمضان بازار اور دو ہزار دسترخوانوں کا اہتمام کیا جائے گا، سید رفاقت علی گیلانی

جمعرات 25 اپریل 2019 16:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں 309 رمضان بازاروں اور 2 ہزار کے قریب دسترخوانوں کا اہتمام کیا جائے گا، عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے زیادہ سے زیادہ سبسڈی دی جائے گی، رمضان المبارک میں ریلیف کیلئے پوری ٹیم متحرک کردار ادا کرے گی، اشیائے ضروریہ مارکیٹ کے مقابلے میں رمضان بازاروں میں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔

اپنے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے رمضان المبارک میں صوبہ پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اہم اقدامات پر عمل در آمد شروع کردیا ہے، رمضان المبارک کے دوران عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کا اہم ا مشن ہے، ان مقا صد کیلئے ہر قسم کے ضروری ا قدامات کو عمل میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے تمام ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کا موقع پر سخت احتساب کرنا ہوگا جو اس مبارک مہینے کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ریلیف کیلئے پوری ٹیم متحرک کردار ادا کرے گی، اشیائے ضروریہ مارکیٹ کے مقابلے میں رمضان بازاروں میں سستے داموں دستیاب ہونگی، اگر اس دوران کسی قسم کی کوئی کوتاہی سامنے آئی تو سخت باز پرس ہوگی۔ سیاسی معاون نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے ان رمضان بازاروں میں اپنے فرائض کیلئے میدان عمل میں آجائیں اور باقاعدگی سے تمام دکانداروں کے باٹوں کے اوزان و پیمائش پر سختی سے چیکنگ کا عمل شروع کریں جہاں کہیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی بے ایمانی پائی جائے تو متعلقہ دکاندار کے خلاف موقع پر فوری قانونی چارہ جوئی کی جائے، فری سحر و افطارکیلئے صوبہ بھر میں دسترخوان لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں دالیں، گھی، چینی، پھل اور سبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی جبکہ ان میں زرعی فیئر پرائس شاپس بھی قائم کی جائیں گی، ان زرعی فیئر پرائس شاپس پر دالیں اور سبزیاں مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ رمضان بازاروں میںسکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے، اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے اور کسی چیز کی قلت کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ، پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں نمایاں طور پر آویزاں ہونگے اور عوام کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پرائس بورڈ لگائے جائیں گے، گرمی کے پیش نظر رمضان بازاروں میں خرایداروں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں گے اور پارکنگ کا بھی مناسب انتظام کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں