حکومت اور سیاستدان باہمی اختلافات کی بجائے عوامی مسائل کو ترجیح دیں: حافظ عبدالغفار روپڑی

جمعرات 25 اپریل 2019 23:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) حکومت اور سیاستدان باہمی اختلافات کی بجائے عوامی مسائل کو ترجیح دیں۔ ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے ملک و قوم کی بہتری کیلئے مل کر کام کریں۔ تمام جماعتیں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ مہنگائی کی چکی میں پستی عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

حکومت اور اپوزیشن رہنمائوں کے درمیان اًنا کی جنگ نے ملک اور معیشت کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ناکام معاشی پالیسیوں کے باعث ملک تنزلی کا شکار اور عوامی مسائل میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومتی سرگرمیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’بیان خان‘‘ اور ان کے وزراء محض طفل تسلیوں سے کام چلانے کی بجائے عملی طور پر عوامی ریلیف کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کریں۔ اب حکومت کو تقرریوں سے آگے نکل کر کچھ کرنا ہو گا۔ 9 ماہ کی حکومتی کارکردگی زیرو رہی ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں معمولی کمی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں 4پیسے کی کمی ’’اونٹ کے منہ میں زیرے‘‘ کے مترادف ہے۔

حکومت عوام کو ’’لولی پپ‘‘ دینے کی بجائے حقیقی ریلیف فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو مہنگائی کی سونامی میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کوئی وژن نہیں آ رہا۔ قرضوں، ٹیکسوں اور مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہی ان کا کام رہ گیا ہے۔ عوام کو مرغیوں، انڈوں اور بکریوں کے چکر میں ڈال کر ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے۔ روپے کی نسبت ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کا عوام دشمنی کا یہ سلسلہ یونہی چلتا رہا تو وہ دن دور نہیں جب عوام سڑکوں پر ہوں گے۔ عمران خان عوامی مینڈیٹ کی قدر کرتے ہوئے عوام کو سہولتیں اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں