طالبات خلائی سائنس کے شعبہ میں اپنا مستقبل بنائیں‘ پاکستانی نژاد ناسا انجینئر

طالبات اپنے مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے ہمت اور لگن سے کام کریں تو مشکلات میں بھی مواقع ملیں گے‘حبہ رحمانی

جمعہ 26 اپریل 2019 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) پاکستانی نژاد امریکن شہری اور ناسا انجینئر حبہ رحمانی نے کہا ہے کہ طالبات محنت کر کے خلائی سائنس میں اپنا مستقبل تلاش کریں تو ستاروں پر کمند ڈال سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز میں امریکن قونصلیٹ لاہور اور لنکولن کارنر ز پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار میں شرکاء سے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکر، امریکن قونصلیٹ سے صوبائی کوآرڈینیٹر ایلومینائی افئیرز جمال غضنفر، امریکن قونصلیٹ سے ڈپٹی پبلک افیئرز آفیسر ایلزبتھ لی ، فیکلٹی ممبران اور مختلف شعبہ جات سے بڑی تعداد میں طلبائو طالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

لاہور سے تعلق رکھنے والی حبہ رحمانی ناسا میںبطور لیڈ ایوونیکس اور فلائٹ کنٹرول انجینئر راکٹ کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے خلائی سائنس سے متعلق ناسا میں ہونے والی حالیہ تحقیق کے بارے میں سیر حاصل گفتگو کی۔ اپنے خطاب میں حبہ رحمانی نے کہا کہ پاکستانی لڑکیوںکا سائنس اور انجینئرنگ کے شعبہ جات میں آگے آنا پاکستان کے لئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی لڑکیاں بہت باصلاحیت ہیں جو کسی بھی شعبہ میں اپنا لوہا منوا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرطالبات اپنے مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے ہمت اور لگن سے کام کریں تو مشکلات میں بھی مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریاضی، سائنس، ٹیکنالوجی اور انجیئنرنگ سمیت دیگرشعبوں میں مرد بہت زیادہ تعداد میں ہیں مگر خواتین کو حوصلے پست نہیںکرنے۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو اونچے خواب رکھنے چاہیے اور کبھی ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے مقصد پر توجہ مرکوز رکھیں کامیابی قدم چومے گی۔ مس حبہ رحمانی ناساکے لانچ سروسزپروگرام میں راکٹس پر کام کرتی ہیں۔

وہ ٹیکنیکل مہارت ، لانچ وہیکلز ٹیسٹنگ، ڈیٹا کے جائزہ اور انجیئنرنگ کے شعبہ میںتکنیکی معاونت فراہم کرتی ہیں ۔ قبل ازیں وہ انٹر نیشنل سپیس اسٹیشن میں بطور سسٹم انجیئنر بھی کام کر چکی ہیں۔ اپنے خطاب میں ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آٖف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکر نے کہا کہ پوری قوم کو پاکستان کی بیٹی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حبہ رحمانی نے اپنی زندگی میں کئی مشکلا ت کا سامنا کیا لیکن اپنے ارادے ، لگن اور سخت محنت کے باعث ان پر قابو پایا۔

اس موقع پر حبہ رحمانی نے ناسا کی طرف سے سیمینار میں شرکت کرنے والے طلبائو طالبات میں سووینئرز تقسیم کئے۔ قبل ازیں مس حبہ رحمانی نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر سے ان کے آفس میں ملاقات بھی کی۔ وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ علم کی کوئی حد نہیں ہوتی اور مس حبہ پاکستانی خواتین کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں