جنرل ہسپتال کے میڈیکل کالج کے طلباء و طالبات کیلئے پروفیسرز کی جانب سے بڑا اعلان

ایم بی بی ایس کے 6مضامین میں نمایاں نمبروں پر طلباء کو اساتذہ اپنی جیب سے گولڈ میڈل دیں گے مقابلے کی فضاء کے فروغ سے سٹوڈنٹس اور ادارے کے نام کو مزید روشن کر نے میں مدد ملے گی ‘پرنسپل پی جی ایم آئی

جمعہ 26 اپریل 2019 18:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب نے ایم بی بی ایس کے 6 مضامین میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا ء و طالبات کیلئے مستقل بنیادوں پر گولڈ میڈل کے اجراء کا اعلان کر دیا ہے جس کے اخراجات حکومتی خزانے کی بجائے اساتذہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

اس گولڈ میڈل کا اطلاق امیر الدین میڈیکل کالج (پی جی ایم آئی) کے طلباء طالبات پر ہوگا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد طیب نے بتایا کہ شعبہ گائنی، میڈیسن ، اطفال ، امراض چشم ، سرجری اور ناک ، کان گلہ میں ایم بی بی ایس کے طلبا کو ہر سال یہ میڈل دیا جائے گا ۔ جس کا مقصد طلباء و طالبات میں مقابلے کا رجحان پیدا کرنا ہے۔ اس مقابلے کی فضاء کے فروغ سے نہ صرف اُن سٹوڈنٹس کا اپنے آپ پر بلکہ ادارے کے نام کو بھی مزید روشن کر نے میں مدد ملے گی اور یہ میڈل ان کو تمام زندگی مقابلے کے رجحان کو فروغ دینے کیلئے اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کا پیغام بھی دیتا رہے گا کیونکہ ارادے پختہ ہوں تو منزل قریب ہو جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

پروفیسر محمد طیب کا کہنا تھا کہ مستقبل کے معالجین کیلئے پر اعتماد ہونا اشد ضروری ہے جبکہ آنے والے دنوں میں اپنے اپنے شعبہ میں سپیشلائزیشن کرنے کے لئے بھی ان کو ملنے والا گولڈ میڈل انہیں متحرک رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی جانب سے گولڈ میڈل کا اجراء کیا جا چکا ہے ۔ بانی کلاس امیر الدین میڈیکل کالج کی 5طالبات کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ آئندہ ہر سال طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے گولڈ میڈل دئیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں