فائر ریسکیورز کا بیسک سکاوٹنگ سکلزپر مبنی تربیتی کورس مکمل

ریسکیو 1122 اور پنجاب بوائے سکاوٹس ایسوسی ایشن مل کر قومی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے‘ ڈاکٹر رضوان نصیر

جمعہ 26 اپریل 2019 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) ایمرجنسی سروس اکیڈمی میں زیر تربیت 348 فائر اینڈ ڈرٹ ریسکیورز کو سکاوٹنگ کی بنیادی مہارتوں کے متعلق تربیت فراہم کی گئی تاکہ وہ کمیونٹی کو تربیت فراہم کر کے کسی بھی ایمرجنسی کو رونما ہو نے سے پہلے محفوظ کر سکیں۔ اس سہ روزہ تربیتی کورس کا انعقاد ایمرجنسی سروس اکیڈمی اور پنجاب بوائے سکاوٹ اسو سی ایشن کے باہمی تعا ون سے ہوا جس کا بنیادی مقصدزیر تربیت فائر ریسکیورز کی استعداد کار کو بڑھانا اور بحثیت ٹرینر بناناتھا تاکہ وہ پاکستان محفوظ اور صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں ۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز ریسکیو ہیڈ کواٹر میں تین روزہ تربیتی کورس بیسک سکاوٹنگ سکلزکی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں کمشنر پنجاب بوائے سکاوٹ اسوسی ایشن مظہر حیات راجہ ، صوبائی سیکر ٹری محمد طارق قریشی، ہیڈ آف ٹریننگ ونگ ڈاکٹر محمد اعظم، ہیڈ آف کنٹرولر امتحانات اکیڈمی مس رقیہ بانو جاوید، سینئر انسٹرکٹر پنجاب بوائے سکائوٹس ایسوسی ایشن جناب عبداللہ جہانزیب کورس کوآرڈینیٹر، پنجاب بوائے سکائوٹس کے انسٹرکٹرز اور دیگر ایمرجنسی آفیسر کے علاوہ ریسکیورز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ڑضوان نصیر نے کہا کہ دونوں ادارے ریسکیو1122 اور پنجاب بوائے سکائوٹس ایسوسی ایشن قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق سکائوٹنگ کی ترقی کے لئے مل کرقومی تعمیر( نیشن بلڈنگ) کے لیے کام کریںگے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ دونوں ادارے معاشرے میں محفوظ کمیونٹیز کے قیام کے ذریعے مثبت تبدیلی لانے کیلیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کورس کے شرکاء کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سکائوٹنگ پر مبنی مہار توں کو نہ صرف ریسکیو آپریشنز میں بروئے کار لائیںگے بلکہ اپنے اپنے اضلاع کی سطح پر محفوظ پاکستان کے قیام کا ہدف حاصل کرنے کے لیے کمیونیٹیز کو بھی تربیت فراہم کریں گے۔

ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ریسکیو 1122 نے کمیونیٹی سیفٹی پروگرام کا آغاز کیا جس کے تحت دس لاکھ والنٹئرز کو تربیت فراہم کرنا اوراس کے ساتھ ساتھ ہر گھر میںکم از کم ایک فرسٹ ایڈر بنانا تھا۔مزید براں انہوں نے کہاکہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہا-اُس جذبے اور تحریک کو دوبارہ متحرک کیا جائے جس کا آغاز فرسٹ چیف سکائوٹس آف پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کیا تھا جبکہ محترمہ فاطمہ جناح نے بھی ملک کی تعمیر کے لیے اس جذبے کو فروغ دیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صرف مشترکہ کوششیں ہمارے نوجوانوں کے کردار کی تشکیل، جسمانی ، ذہنی اور روحانی ترقی کو فروغ دینے اور انہیں نظم و ضبط کا پابند، مفیداور اچھے شہری بنانے میں اپنا قلیدی کردار ادا سکتی ہیں۔انہوں نے زیر تربیت ریسکیورز سے سکائوٹ عہد بھی لیااور اچھے سکائوٹس کی خصوصیات بشمول قابلِ اعتماد ، وفاداری، مددگار، دوستانہ، فرمانبردار، بہادراور شائستہ کو بھی دہرایا۔

انہوں نے کیڈٹس کے ساتھ اپنی سکاوٹنگ تربیت کے متعلق مشاہدات و تجربات ،وسعت نظری کے ساتھ ساتھ سکاوٹنگ کے مشکل مراحل ، ریسکیو 1122کے قیام کی کامیاب کہانی اور سروس کے وژن کے بارے میں آگاہ کیا۔اس سے قبل کورس کے شرکاء نے کورس میں سیکھی گئی مہارتوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیااور کہا کہ اس تربیتی کورس سے ان کی صلاحیتوں میںخاطر خواہ اضافہ ہوا ہے تاکہ وہ بطور ٹرینر ریسکیو سکاوٹ کو تربیت فراہم کر سکی ۔

اس سہ روزہ تربیتی کورس میں شرکاء کو لیکچرز اور عملی مہارتوں کے ذریعے مختلف اقسام کی تربیت فراہم کی گئی جن میں کیمپ مینجمنٹ، نقشہ بنانا، کمپاس کا استعمال، واٹر فلٹریشن، صحت و صفائی، گھریلو باغبانی، لیڈر کی ذمہ داریاں، ریسکیو آپریشن میں کام آنے والی گرہیں اور قومیت کے جذبے کو فروغ دینے پر مبنی تربیت دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام شرکاء کو تربیت یافتہ انسٹرکٹرز نے تحریری اور عملی امتحان کے ذریعے انہیں پرکھا۔

بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل نے کمشنر پنجاب بوائے سکاوٹ مظہر حیات راجہ اور صوبائی سیکر ٹری طارق قریشی کو سروس کی جانب سے ریسکیوکی اعزازی شیلڈزپیش کی اور کورس مکمل کرنے والے شرکاء کو سر ٹیفکیٹس سے بھی نوازا۔ انہوںنے صوبائی سیکرٹری پنجاب بوائے سکاوٹس کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کنٹرولر امتحانات اکیڈمی انسرکٹرز کو ریسکیو کے سکاوٹس تربیتی کورس کے انعقاد پر سراہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں