پنجاب یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب یوتھ پورٹل کو حتمی شکل دے دی

آئندہ چند روز میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پنجاب یوتھ پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کریں گے پنجاب یوتھ پورٹل کے حوالے سے اجلاس، صوبائی وزیر یوتھ افیئرز اینڈسپورٹس رائے تیمور خان بھٹی نے صدارت کی

جمعہ 26 اپریل 2019 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2019ء) پنجاب یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تکنیکی معاونت سے نوجوانوں کے لیے یوتھ پورٹل تشکیل دیا ہے۔پنجاب یوتھ پورٹل کے حوالے سے اہم اجلاس آج نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر یوتھ افیئرز اینڈسپورٹس رائے تیمور خان بھٹی نے اجلاس کی صدارت کی- سیکرٹری یوتھ افیئراینڈ سپورٹس ندیم محبوب وزیراعلی اسپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ فضیل آصف ڈی جی ای- گورننس ساجد لطیف یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری راجہ جہانگیر انورکے علاوہ متعلقہ افسران اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اعلی عہدے داران نے شرکت کی۔

پنجاب یوتھ پورٹل میں نوجوانوں کے لیے تعلیم و تحقیق کھیل سکلز ڈویلپمنٹ آن لائن جاب کلچر تعلیمی اداروں میں داخلے سمیت اہم اداروں کے بارے میں راہنمائی کے حوالے سے معلومات کا خزانہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

نوجوان عملی زندگی کے ہر شعبے میں یوتھ پورٹل سے استفادہ کر سکیں گے۔یوتھ پورٹل سے نوجوانوں کو ای لائبریری ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں کے بارے میں معلومات ملکی و غیر ملکی تعلیمی اداروں میں اسکالرشپ و داخلہ کا طریقہ کار مختلف سرکاری وا نیم سرکاری اداروں میں ملازمت کے مواقع صوبائی قومی سطح پر سپورٹس ایونٹس کی پیشگی معلومات وغیرہ تک رسائی حاصل ہوگی۔

میٹنگ کے شرکاء کو مختلف سلائیڈز کی مدد سے پنجاب یوتھ پورٹل کی ورکنگ اور افادیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب یوتھ پورٹل نوجوانوں کو ہر شعبے کے حوالے سے مکمل معلومات اور رہنمائی فراہم کرے گا۔پنجاب یوتھ پورٹل نے آزمائشی بنیادوں پرن کام شروع کردیا ہی-نوجوان پنجاب یوتھ پورٹل کی ہیلپ لائن کے ٹال فری نمبر.70700 0800 پر فون کرکے اپنی مطلوبہ معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

آئندہ چند روز میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار پنجاب یوتھ پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔اجلاس سے باتیں کرتے ہوئے صوبائی وزیر رائے تیمور خان بھٹی نے پنجاب یوتھ پورٹل کو ایک بہترین کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کے لیے بامقصد تعلیم روزگار فنون اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کا پختہ عزم کیے ہوئے ہیں اس حوالے سے متعدد سکیموں کے خدوخال کی منظوری دی جا چکی ہے اور ان سکیموں پر عمل درآمد کے لئے تمام انتظامات بھی مکمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان اس ملک کا مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی ذہانت اور صلاحیتیں اس ملک کی خوشحالی اور دیرپا ترقی کے لیے استعمال کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں