حکومت نجی شعبے کے فروغ کے لئے بھرپور طور پر پر عزم ہے تاکہ وہ قومی معیشت کے فروغ اور برآمد میں اضافہ میں کردار ادا کر سکے : سردار احمد نواز سکھیرا

پیر 20 مئی 2019 21:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2019ء) وفاقی سیکرٹری تجارت سیکرٹری سردار احمد نواز سکھیرا نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے فروغ کے لئے بھرپور طور پر پر عزم ہے تاکہ وہ قومی معیشت کے فروغ اور برآمد میں اضافہ میں کردار ادا کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو اور فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ( ایف آئی ای ڈی ایم سی) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سردار احمد نواز سکھیرا نے کہا کہ حکومت برآمد کنندگان کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی اور برآمدات کے فروغ کیلئے پالیسیاں بنائے گی۔ نئی اقتصادی اصلاحات کے طریقہ ہائے کار پر غور جاری ہے جس میں کاروباری آسانیاں، ریگولیٹری اصلاحات اور برآمدات میں بہتر مسابقت شامل ہیں اور امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان جلد ان اصلاحات کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

پاک چین آزادانہ تجارتی معاہدہ (ایف ٹی ای) پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے ایف ٹی اے میں گھریلو صنعت کے لئے کوئی مناسب تحفظ نہیں تھا اس لئے وزارت نے دوسرے ایف ٹی اے میں مقامی صنعت کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی ہے جو پاکستانی صنعتوں کے لئے اچھا شگون ہے۔ انہوں نے صنعت کاروں اور برآمدکنندگان پر زور دیا کہ وہ ملکی معیشت کے استحکام اور برآمدات اور درآمدات میں فرق کو پورا کرنے کے لئے اس سہولت کا بھر پور فائدہ اٹھائیں۔

اس موقع پر میاں کاشف اشفاق نے اقتصادی اصلاحات کے نفاذ میں حکومت کو تاجر برادری کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ نجی شعبے کو سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو قابل بھروسہ ماحول فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعظم عمران خان کے اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست ماحول اور کاروباری آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی ای ڈی ایم سی صوبائی کاروباری اشاریئے کو بہتر بنانے کے لئے انتھک محنت کرے گی۔ میاں کاشف نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اصلاحاتی اقدامات کا مقصد نہ صرف بزنس انڈیکس پر مجموعی طور پر درجہ بندی کو بہتر بنانا بلکہ کاروباری سہولیات، سرمایہ کاری کا ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے سیکریٹری تجارت کو یقین دہانی کرائی کہ پی ایف سی اور ایف آئی ای ڈی ایم سی کے پلیٹ فارمز سے کاروباری برادری وزیر اعظم عمران خان کے اقتصادی ایجنڈے کے نفاذ کرنے کیلئے تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی اشاریئے اب بہتر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر سیکٹر برآمدی حجم میں اضافے کے لئے اہم کردار ادا کرسکتا ہے کیونکہ پاکستان کی فرنیچر اور لکڑی کی مصنوعات کی امریکہ اور یورپی مارکیٹوں میں بہت مانگ ہے۔ صرف امریکہ میں مینوفیکچررز کی سطح پر فرنیچر کی طلب 2021 میں 59 بلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے، یہ ایک بہت بڑا موقع ہے لیکن اس سے استفادہ کیلئے اس شعبے میں ماہر کارکنوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مارکیٹ کے حالات کو مکمل طور پر سمجھنے، اس صنعت کی ضروریات کو کو پورا کرنے، اس کی ترقی اور فروغ کے لئے اس شعبے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ رابطہ رکھے۔ قبل ازیں میاں کاشف اشفاق نے ایف آئی ای ڈی ایم سی سرگرمیوں اور فیصل آباد میں غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو رابطے میں لانے کیلئے اس کے کردار کے بارے میں سیکرٹری تجارت کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ایک چھتری تلے معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے بہترین خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں