جماعت اسلامی 15 جون کو فیصل آباد سے عوامی مارچ تحریک کا آغاز کرے گی : لیاقت بلوچ

منگل 21 مئی 2019 23:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ سے منصورہ میں علماء اور نوجوانوں کے وفودنے ملاقات کی۔ وفدسے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی عید الفطر کے بعد 15 جون کو فیصل آباد سے مہنگائی ، بے روزگاری ، آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف عوامی مارچ تحریک کا آغاز کردے گی ۔

عوامی احتجاج غریب ، مظلوم اور لاوارث عوام کی مضبوط آواز ہوگا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ تحریک انصاف اپنی ناکامی ، نااہلی اور عوام دشمن اقدامات چھپانے کے لیے اپوزیشن کے خلاف کھسیانی بلی کے مصداق تحقیر آمیز رویہ اختیار کر رہی ہے ۔ گلی محلوں ، بازاروں اور مساجد میں مہنگائی کے خلاف عوام دہائی دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے ایک افطار پروگرام سے حکومت کے اوسان خطا اور حواس باختہ ہو گئے ہیں ۔

اپوزیشن کی ہر جماعت اپنی اپنی بنیاد پر احتجاج کا آئینی ، جمہوری ، پارلیمانی حق رکھتی ہے ۔جماعت اسلامی کسی اتحاد کا حصہ اور قربانی نہیں ، عوام کی ترجمان بنے گی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ افغانستان سے نکلنا امریکہ اور ٹرمپ حکومت کے لیے انتظامی ، معاشی اور سیاسی مجبوری بن چکاہے لیکن امریکہ کی پالیسی سازی پر غالب صہیونی آسیب امریکہ کو اسی خطہ میں الجھائے رکھنے کے لیے خلیج میں سمندری دہشتگردی جنگ شروع کراچکی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ عالم اسلام ان سازشوں کی حقیقت جانے ، اتحاد امت ہی صہیونیت کا علاج ہے ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی سید وقاص جعفری نے جاپان اور آسٹریلیا کے پندرہ روزہ دورہ سے واپسی پر ملاقات کی اور انہیں دورہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں