ٹھگوں کے ٹولے کی ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنیکی کوششیں کامیاب نہیں ہونگی‘ جمشید چیمہ

ماضی میں ہر حکومت میں حصہ دار رہنے والے فضل الرحمان کیلئے اقتدار سے باہر رہنا مشکل ہو رہا ہے ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

بدھ 22 مئی 2019 20:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ٹھگوں کے ٹولے کی ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی ،ماضی میں ہر حکومت میں حصہ دار رہنے والے مولانا فضل الرحمان کیلئے اقتدار سے باہر رہنا مشکل ہو رہا ہے اور انہوں نے اپنا مقصد حاصل کرنے کیلئے اپوزیشن کو آگے لگایا ہوا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں ۔

(جاری ہے)

موجودہ مشکلات عارضی ہیں اور انشا اللہ وہ وقت دور نہیں جب ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی محرومیاں دور کرنے کیلئے مختلف منصوبے شروع کئے گئے ہیں اور انشا اللہ آئند ہ بجٹ میں عوام پر بھی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ انہیں ریلیف دینے کے لئے سبسڈی کی مد میں رقم مختص کے جائے گی۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو اپنا سیاسی مستقبل تاریک نظر آرہا ہے اس لئے حکومت کے خلاف سازشیں شروع کر دی گئی ہیں لیکن یہ اس میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ اپوزیشن شوق سے سڑکوں پر آئے عوام ان سے ان کی لوٹ مار اور کرپشن کا حساب لینے کیلئے بے چین ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں