زمین اور اس کے ماحول کو سرسبز شاداب رکھنے کے لئے جنگلات ناگزیر ہیں‘محمد سبطین خان

محکمہ جنگلات پنجاب ڈسٹرکٹ وہاڑی، رکھ ، جملیرا کے مقام پر 489 ایکڑ اراضی پر شجر کاری کرے گا‘صوبائی وزیر

بدھ 22 مئی 2019 21:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) وزیرجنگلات پنجاب محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ کہ زمین اور اس کے ماحول کو سرسبز شاداب رکھنے کے لئے جنگلات ناگزیر ہیں۔جنگلات کی حفاظت کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے ہمیں تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری کرنی ہے تاکہ آئندہ آنے والی نسلوں کو صاف اور شفاف ماحول میسر آ سکے اور موسمیاتی وماحولیاتی تبدیلیوں سے بھی نمٹا جا سکے۔

یہ بات انہوں نے محکمہ جنگلات پنجاب میں اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔وہ آج ڈسٹرکٹ وہاڑی میں رکھ جملیراکے مقام پر موجود جنگل کی تعمیر وبحالی کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔اجلاس میں رکھ جملیراکے مقام پر 489ایکڑ اراضی پر شجرکاری کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا اور ڈسٹرکٹ وہاڑی میں موجود جنگل کی تعمیر وبحالی کے سلسلے میں مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

(جاری ہے)

چیف کنزرویٹر جنگلات ملتان زون اجمل رحیم نے صوبائی وزیر کو رکھ جملیرا میں موجود جنگل کے حوالے سے بریفنگ دی اور وہاں پر شجر کاری کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کی۔اجلاس میں مختلف اقسام کی علاقی نسل کے پودے لگانے پر اتفاق ہوا۔صوبائی وزیرنے ہدایات جاری کیں کہ تمام تر ضروری کارروائیوں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے اور منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے جلد کام کا آغاز کیا جائے ۔اجلاس میں سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنمااسحاق خان خاکوانی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری جنگلات کیپٹن(ر) محمد آصف،ڈپٹی کمشنر وہاڑی ،ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ جنگلات پنجاب کے اعلی افسران نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں