وزیر بلدیات کی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بلدیاتی ایکٹ پر الیکشن کمشن کے تحفظات دور کرنے کیلئے رابطہ کرنے کی ہدایت

نئی انتخابی حد بندیوں کا کام رواں سال ستمبرتک حد بندی کا کام مکمل کر کے الیکشن کمشن کو بھجوا دیا جائے گا‘ بریفنگ اثاثہ جات، سٹاف اور دفاترکی نشاندہی و تقسیم کا کام دسمبر، پنچائت اور نیبر ہڈ کونسل کے انتخابات جون 2020 میں کرانے کا ہدف ہے منتقلی کے عمل کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں پر مبنی ورکنگ گروپ بنائے جائیں ‘ راجہ بشارت کی زیر صدار ت اجلاس

بدھ 22 مئی 2019 22:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) صوبائی وزیر قانون وبلدیات راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی کوشش ہے کہ پنچائت اور نیبر ہڈ کونسل کے انتخابات جون 2020 میں کرا دیے جائیں جس کے لیے محکمہ بلدیات علاقائی حد بندیوں پر جلد کام کا آغاز کر رہا ہے۔وہ نئے بلدیاتی نظام کی منتقلی کے حوالے سے سول سیکریٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ٹرانزیشن کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی، وزیر مواصلات آصف نکئی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سیف انجم اور ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شاہد زمان نے بریفنگ دی۔راجہ بشارت نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کا مظہر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا یہ نظام نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کا ضامن اورعوامی امنگوں کا ترجمان ہے اس لیے نئے بلدیاتی نظام کوکامیاب کرنے کے لیے تمام محکمے جانفشانی سے کام کریں۔

انہوں نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ الیکشن کمیشن کے تحفظات دور کرنے کے لیے کمشن سے رابطہ کریں۔قبل ازیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی انتخابی حد بندیوں کا کام آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں شروع کر دیا جائے گا، ستمبر2019 تک حد بندی کا کام مکمل کر کے الیکشن کمشن کو بھجوا دیا جائے گا۔سابق بلدیاتی اداروں کے اثاثہ جات، سٹاف اور دفاترکی نشاندہی و تقسیم کا کام دسمبر2019 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے جبکہ منتقلی کے عمل کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں پر مبنی ورکنگ گروپ بنائے جا رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں