قومی خزانہ لوٹنے والے قومی مجرم،جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالا جائی: چوہدری فیاض احمد وڑائچ

جمعرات 23 مئی 2019 22:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2019ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ قومی خزانہ لوٹنے والے چاہے کسی بھی پارٹی سے ہوں کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیے۔حکومت بلاتفریق،شفاف اور کڑے احتساب کو یقینی بنائے۔جب تک لوٹی ہوئی قومی دولت واپس نہیں لائی جاتی اس وقت تک عوام کا اعتماد بحال نہیں ہوگا۔

ماڈل ٹائون میں معصوم انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔مگر وہ وقت قریب ہے جب ماڈل ٹائون کے شہیدوں کو انصاف ملے گا اورقاتل پھانسی کے پھندے پر ہونگے۔ماڈل ٹائون کے قاتل اورقومی لٹیرے قانون کا شکنجہ اپنی گردن کے قریب دیکھ کر ملک سے فرار ہونا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت کو چاہیے کہ ایسے قومی مجرموں کو کوئی رعایت نہ دی جائے۔

پاکستان عوامی تحریک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف مہیا کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کرے۔مہنگائی نے عوام کے گھروں کا چولہا ٹھنڈا کردیا ہے۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ موجودہ ملکی معاشی صورتحال کے ذمہ دار سابق حکمران ہیں جنہوں نے جی بھر کر قومی خزانہ لوٹااوربیرون ممالک جائیدادیں بنائیں مگر حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام پر بوجھ ڈالے بغیر معیشت کو ٹھیک کرنے کی پالیسیاں بنائے۔اجلاس میں میجر محمد اقبال چغتائی،ریاض خان علیانی،مہر شعبان ورک،ملک بشیر ایڈووکیٹ،چوہدری اقبال یوسف،چوہدری اکرم گجر نمبردار اور دیگر نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں