حکومت عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی کواولین ترجیح دے رہی ہے ، جمشید چیمہ

ہفتہ 25 مئی 2019 19:23

لاہور۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ کرپشن سے اربوں اکٹھے کرنے والے سابقہ حکمران چھینک آنے پر بھی علاج کی غرض سے بیرون ملک روانہ ہو جاتے ہیں جبکہ اپنے ادوار میں غریب آدمی کو علاج معالجے کی سہولیات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ،موجودہ حکومت نمائشی اور فرمائشی منصوبوں کی بجائے عوام کو صحت ، تعلیم اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کواولین ترجیح دے رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127میں گورنمنٹ گائنی نیو کرول ہسپتال کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ اور پارٹی رہنمائوں کے علاوہ کارکنوں اور حلقے کی عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت کے حق میں نعرے لگائے ۔

(جاری ہے)

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ہسپتال سات دن اور چوبیس گھنٹے کھلا رہے گا جہاں پر علاج معالجے کی تمام سہولیات اور مفت ادویات میسر ہوں گی ا ور انشا اللہ حلقے میں اس طرز کے منصوبوں کا جال بچھا دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے قومی خزانے کو صرف اپنی آسانیوں اور سہولتوں کیلئے استعمال کیا جبکہ غریب کو صرف تسلیاں دی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میںعوام کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا گیا ہے جس کے تحت کسی بھی شخص کو علاج کیلئے لاکھوں روپے میسر ہوں گے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں کے طرز پر علاج معالجے کی سہولیات دینے کیلئے اصلاحات لا رہی ہے جس سے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا ۔ اس کے علاوہ غریب طبقات کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن کے آنے والے چند ماہ میں ثمرات سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن جو مرضی سازشیں کر لے عوام ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے بلکہ ان سے اربوں روپے کی لوٹ مار کا حساب لیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں