جماعت اہل حدیث پاکستان کی کشمیر میں بھارتی جارحیت

اور ہندوستان میں مسلمان خاندان پر انتہا پسندوں کے تشدد کے واقعہ کی شدید مذمت ۵خاص مقصد کے تحت پوری دنیا میں مسلمانوں کو کمزور کرنے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں: حافظ عبدالغفار روپڑی

ہفتہ 25 مئی 2019 22:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2019ء) جماعت اہل حدیث پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی اور ہندوستان میں مسلمانوں پر تشدد کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ حافظ عبدالوہاب روپڑی، پروفیسر عبدالمجید، حافظ عبدالوحید روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر سمیت دیگر مرکزی رہنمائوں نے بھارتی غنڈہ گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور ہندوستان میں مقیم اقلیت مسلمانوں پر دائرہ حیات تنگ کیا جا رہاہے اور انسانیت سوزی کی بدترین مثالیں قائم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مظالم اور طاقت کا بے دریغ استعمال قابل مذمت ہے۔ 70سال سے آزادی کی جنگ لڑنے والے کشمیریوں کی آواز کو ِطاقت اور ہتھیار کے زور سے دبایا نہیں جا سکتا۔

(جاری ہے)

کشمیر کی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی تنظیمیں براہِ راست مداخلت کر کے بھارتی ظلم و ستم کو روکیں اور اجڑتی ہوئی کشمیری نسلوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، انہوں نے گذشتہ روز ہندوستان میں انتہا پسندوں کی جانب سے مسلمان خاندان پر کیے جانے والے بیہمانہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام و پاکستان دشمن حکومت کے دوبارہ اقتدار میں آتے ہی مسلم کش فسادات کا آغاز انتہائی شرمناک فعل ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ انسانیت سوزی کی مذموم کارروائیوں کو روکنے کیلئے اقدامات وقت کی اہم ترین ضرور ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی نسل کشی پر حقوق انسانیت کی عالمی تنظیموں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔

اقوام متحدہ سمیت حقوق انسانیت کی دنیا بھر کی تنظیموں کے منہ پر تالے کیوں لگے ہیں۔ انہوں نے بدترین بھارتی بربریت پر امریکہ کی خاموشی کو اسلام دشمنی کی کھلی مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاص مقصد کے تحت پوری دنیا میں مسلمانوں کو کمزور کرنے اور ان کو زیر تسلط رکھنے کیلئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ دشمن اسلام مذموم کارروائیوں کیلئے متحد ہو چکے ہیں اور کہیں بھی مسلمانوں پر وار کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔

امت مسلمہ اب بھی نہ جاگی تو اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اسلامی حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ OICمردہ گھوڑے کا کردار ادا کرنے کی بجائے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے لیے آواز اٹھائے اور عالمی برادری کو بھارتی جارحیت روکنے کیلئے قائل کرے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں