کمشنر لا ہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ اورڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کاکربلا گامے شاہ کا دورہ

اتوار 26 مئی 2019 17:20

لاہور۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2019ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان اور کمشنر ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کربلا گامے شاہ کا دورہ کیااور یوم شہادتِ علیؓ کے مرکزی جلوس کے لئے سکیورٹی و دیگرانتظامات کا جائزہ لیا،ایس پی سکیورٹی فیصل شہزاد نے کمشنر ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ اور ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کو جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ میکانزم، شرکاء کی سکیورٹی، پارکنگ و دیگر انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر اور ڈی آئی آپریشنز نے متعلقہ پولیس افسران کویوم علیؓ کے جلوس کے شرکاء کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔کمشنر کا کہنا تھا کہ سہولیات کی فراہمی،روڈز پیچ ورک،میڈیکل سہولیات و دیگر اقدامات کے لئے ضلعی انتظامیہ بھر پور تعاون فراہم کریگی۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی آپریشنز نے اس موقع پر کہا کہ جلوس کے شرکا ء کو تین درجاتی حصار پر مبنی حفاظتی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ٹیم کی طرح کام کریں گے۔علاقہ میں ابھی سے ہائی الرٹ کے تحت سرچ آپریشنز،سویپ چیکنگ،جیو ٹیگنگ اور بائیو میٹرک تصدیق سمیت تمام سکیورٹی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد شروع کیا جا چکا ہے۔کرایہ داروں،ہوٹلز اور سرائے میں مقیم مسافروں کے کوائف بھی چیک کئے جا رہے ہیں۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں اور مشتبہ افراد کی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے۔یوم شہادتِ علیؓ اور منسلک پروگراموں کو محفوظ ترین بنانے کے لئے مذہبی رہنماوں کی مشاورت سے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں۔تمام مکتبہء ہائے فکر کے لوگ یوم شہادت علیؓ کو پر امن اور محفوظ بنانے کے لئے لاہور پولیس سے بھرپور تعاون کریں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں