ٓنئے وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ ملا تو لوگ کچھ بھی کر سکتے ہیں،ڈاکٹر شازیہ اسلم سومرو

اتوار 26 مئی 2019 22:25

/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شازیہ اسلم سومرونے کہا ہے کہ نئے وفاقی بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ ملا تو غربت سے تنگ آئے ہوئے لوگ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔عید کے بعد حکومت کے ساتھ جارحانہ میچ ہو گا۔ بجٹ کہیں اور تیار ہو رہا ہے حکومت صرف اعلان کرے گی۔پنجاب میں سرکاری ہسپتالوں میں فری ٹیسٹ ختم کرنا افسوسناک ہے ۔

کٹھ پتلی حکومت اور ریمورٹ کنٹرول وزیراعظم عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتا ۔مہنگائی کی چکی میں پسی عوام بلاول بھٹو زداری کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ پچھلے آٹھ ماہ میں غربت ، بے روزگاری اور جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔ برسر اقتدار آنے کے آٹھ ماہ بعد ہی حکومت کے ہاتھ پاؤں پھولے نظر آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نااہل اور نابالغ حکومت نے عوام کے چودہ طبق روشن کر دیئے ہیں۔

تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے والے بھی مایوس ہو چکے ہیں۔ ڈالر کی اونچی اڑان، روپے کی قدر میں کمی اور اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر شازیہ اسلم سومرونے کہا نظام مصطفے کے مکمل نفاذ کے بغیر پاکستان کو ریاست مدینہ جیسا نہیں بنایا جا سکتا۔

پی ٹی آئی کی حکومت کا ہر دن پاکستان کے لئے بھاری ثابت ہو رہا ہے۔نئے صوبوں پر سیاست ہو رہی ہے۔ نئے صوبے لسانی نہیں انتظامی بنیادوں پر بننے چاہئیں ۔ اپوزیشن عوامی مسائل پر زوردار آواز اٹھائے گی۔ امریکی دباؤ پر پاک ایران گیس منصوبے کو رول بیک کرنا ملکی مفاد میں نہیں۔حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا تو عوام سڑکوں پر نکلنے کے لئے مجبور ہو گی۔

نئے پاکستان کا خواب پورا نہیں ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا عیدالفطر کے بعد حکومت کے خلاف میدان لگے گا۔ حکومت مخالف تحریک چلانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ جعلی حکومت کا خاتمہ ہی تمام مسائل کا حل ہے۔ سیاست میں گھمسان کا رن پڑنے والا ہے۔ حکومت مخالف بڑی احتجاجی تحریک کے لئے ماحول بن چکا ہے۔ حکومت داخلی و خارجی محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ حکومت مخالف تحریک چلی تو نااہل اور ناکام حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکے گی۔نئے الیکشن ناگزیر ہو چکے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں احتجاجی تحریک چلانے پر متفق ہیں۔ تبدیلی سرکار کا ہر دن پاکستان کے لئے بھاری ثابت ہو رہا ہے۔ حکومت نے احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا تماشا لگایا ہوا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں