کاروباری برادری کو پنجاب بجٹ میں اچھی خبریں ملیں گی، نئے ٹیکس نہیں لگائے جائیں گے ،صوبائی وزیر ایکسائز

پیر 27 مئی 2019 17:10

لاہور۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) صوبائی وزیر برائے ایکسائز ،ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو پنجاب بجٹ میں اچھی خبریں ملیں گی، نئے ٹیکس نہیں لگائے جائیں گے جبکہ ٹیکسوں کی تعداد بھی کم کرنے کی کوشش کی جائیگی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔

سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، سابق نائب صدر ذیشان خلیل ،ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں زاہد جاوید اور ڈاکٹر محمد خلیق ارشد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جولائی یا اگست میں ایک نیا ایپ متعارف کرایا جائیگا جس کے ذریعے لوگ گھر وں یا دفاتر میں بیٹھے ایکسائز سے متعلق ٹیکس جمع کرواسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لاہور چیمبر کے صدر سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسوں کا نظام آسان اور عام فہم ہونا چاہیے تاکہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بجٹ میں گاڑیوں پر ٹیکس کے متعلق بھی اچھی خبر ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سٹیک ہولڈرز سے مشاورت پر یقین رکھتی ہے ، کاروبار چلیں گے تو حکومت کے محاصل بھی بڑھیں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں سے ہے جہاں ٹیکسوں کی تعداد بہت زیاد ہے، پنجاب کے تاجر مختلف انواع و اقسام کے ٹیکس ادا کر رہے ہیں جن میں کمی لا نے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے صوبائی وزیر کو لاہور چیمبر کی جانب سے کاروباری آسانیوں کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے صوبائی وزیر سے اپیل کی کہ وہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے عملہ کو اپنا رویہ درست رکھنے کی ہدایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ٹوکن ٹیکس چیک کرنے کے نام پر گاڑیاں روکنا اور لوگوں کی عزت نفس مجروح کرنا درست نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں