لاہور،محکمہ صنعت و تجارت کی مانیٹرنگ کے حوالے سے رمضان بازاروں کی رپورٹ

پیر 27 مئی 2019 17:10

لاہور۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2019ء) محکمہ صنعت و تجارت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ رمضان بازار مانیٹرنگ رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں قائم 309رمضان بازاروں میں اب تک 10کلوآٹے کی5758813تھیلے فراہم کئے گئے ہیں جن میں سے 290روپے فی تھیلہ کے حساب سے 4492459تھیلے فروخت ہوچکے ہیں۔اسی طرح 10113738کلوگرام چینی کا سٹاک ملوں سے اٹھایاگیا جس میں سے 55روپے فی کلو کے حساب سے 8162152کلوگرام چینی رمضان بازاروں میں فروخت ہوچکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق26مئی کو رمضان بازاروں میں 99157کلوگرام مرغی کا گوشت فروخت ہوا جس کی قیمت رمضان بازاروں میں 230روپے فی کلوگرام جبکہ اوپن مارکیٹ میں 240روپے فی کلوگرام تھی جبکہ انڈے کھلی مارکیٹ میں 84روپے فی درجن اور رمضان بازاروں میں 79روپے فی درجن کے حساب سے فروخت ہوئے۔

(جاری ہے)

رمضان بازاروں میں قائم ایگریکلچر فیئرپرائس شاپس پر پیاز23روپے فی کلو، ٹماٹر 21روپے، ایرانی کھجور 188روپے، دال چنا 93روپے، بیسن 96روپے، چاول106روپے اور لیمن دیسی 149روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہوا جبکہ آلو، بھنڈی، کریلا، کدو، دال مسور، دال ماش، مسورہول، سفید چنا، کیلا، سیب، لہسن اور ادرک ہول سیل ریٹ پر فروخت ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کیلئے 1124مجسٹریٹس فرائض سرانجام دے رہے ہیں جنہوںنے 26مئی کو 4921انسپکشنز کیں۔ اوور چارجنگ،ذخیرہ اندوزی اور دیگر خلاف ورزیوں پر1409700روپے جرمانہ،60مقدمات درج اور63افراد کو گرفتار کیاگیا۔ ناپ تول کے پیمانوں کی چیکنگ کیلئی2167انسپکشنز کی گئیں اور 58خلاف ورزیاں سامنے آئیں جن کے خلاف کارروائی کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق26مئی کو صوبے بھر میں لگائے گئے 1875دسترخوانوں سی128508روزہ دار مستفید ہوئے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ صوبے بھر میں قائم رمضان بازاروں کے ذریعے عام آدمی کو اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بناکر حقیقی ریلیف دیا ہے اور یہ سلسلہ آخری روزے تک جاری رہے گا۔رمضان المبارک کے بعد بھی عوام کو ماڈل بازاروں کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ اب رمضان بازاروں میں چینی55روپے فی کلوکے حساب سے 2کلو کے پیکٹ میں بھی فروخت کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکاران اپنے فرائض خدمت کے جذبہ سے سرشار ہوکر تندہی سے سرانجام دیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں