نواز لیگ اور پیپلزپارٹی کا اکٹھے ہونا اس صدی کا سب سے بڑا تضاد ہے،ظہرانے میں مریم بی بی اور بلاول بھٹو نے یقینا کرپشن کے نئے طریقوں پر بات کی،دونوں لوٹی ہوئی دولت سے ایک دوسرے کو دعوتیں دے کر عوام سے کھلا مذاق کر رہے ہیں،صمصام بخاری

اتوار 16 جون 2019 19:30

لاہور۔16 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2019ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب سید صمصام علی بخاری نے مریم نواز اور بلاول بھٹو کے ظہرانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات میں مریم بی بی اور بلاول بھٹو دونوں نے یقینا کرپشن کے نئے طریقوں پر بات کی۔اس دوطرفہ گفتگو میں چارٹر آف پروٹیکشن آف کرپشن پرمعاملات طے کیے گئے۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ عمران خان کا واضح ویژن ہے کہ لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ اور پی پی پی دونوں نے ایک دوسرے پر کرپشن کے مقدمات بنائی, سوال یہ ہے کہ دونوں ایک دوسرے خلاف پہلے غلط تھے یا آج غلط ہیں ۔بلاول بھٹو کے ساتھ دروغ گوئی اور قصے کہانیوں کا مقابلہ کرنے کی بجائے اچھا ہوتا پہلے مریم بی بی اپنے ووٹروں سے معافی مانگ لیتی, سید صمصام بخاری نے کہا کہ مقام حیرت ہے کہ تخت لاہور کے خلاف تقاریر کرنے والے وہیں ظہرانے میں مدعو ہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھی میاں صاحبان کے بارے میں زرداری صاحب کے خطاب بھول گئے۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ ممکن ہے دونوں 24 ہزار ارب کا قرض مل کر ادا کرنے کا اعلان کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ اور پیپلزپارٹی کا اکٹھے ہونا اس صدی کا سب سے بڑا تضاد ہے۔ دونوں لوٹی ہوئی دولت سے ایک دوسرے کو دعوتیں دے کر عوام سے کھلا مذاق کر رہے ہیں۔ جبکہ دونوں میں منی لانڈرنگ اور کرپشن کی مشترکہ خصوصیات پائی جاتی ہیں, وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ روز کا ظہرانہ عوام کو بیوقوف بنانے کی سرتوڑ کوشش ہے جو ناکام کوشش ہو گی۔نواز لیگ اور پیپلزپارٹی کی اندرون خانہ ڈیل 2013 میں ہی سامنے آ گئی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں