سعودی عرب کے دشمن ممالک میں برادر اسلامی ممالک بھی شامل ہیں : ڈاکٹر عبدالغفور راشد

سعودی عرب پر حملے، حوثی باغی امت مسلمہ کے خلاف استعماری آلہ کار کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں

پیر 17 جون 2019 22:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2019ء) تحفظ حرمین شریفین کے چیئرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرزمین حجاز مقدس پر ہونے والے حملے افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔ اس حوالے سے امت مسلمہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔ حوثی باغی دشمن کے ہاتھوں امت مسلمہ کے خلاف استعمار کے آلہ کار کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔

ہم خبردار کرتے ہیں کہ حوثی باغیوں کے پشتی بان، وہ چاہے مسلم ممالک ہوں یا غیر مسلم اپنی حرکتوں سے باز آجائیں۔ بدقسمتی ہے کہ سعودی عرب کے دشمن ممالک میں نام نہاد برادر اسلامی ممالک بھی شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحفظ حرمین شریفین کونسل لاہور کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈاکٹر عتیق اللہ عمر، حافظ ممتاز حسین، مولانا اعظم قاسم، مولانا عبد الستار زاہد، عثمان راشد، قاضی ارشادالرحمن اور دیگر بھی شامل تھے۔

اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ سعودی عرب پر حملوں سے خطے میں عدم استحکام پیدا کیا جا رہا ہے اور مذاکرات کی بجائے شدت پسندی کو فروغ دیا اور میزائل حملے کیے جارہے ہیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اگر حوثی باغیوں کو سعودی عرب پر حملوں سے باز نہ رکھا گیا توخطے میں عدم استحکام پیدا ہوگا ۔پہلے ہی اس وقت عالمی سیاست میں ہیجانی کیفیت موجود ہے، جہاں شام کا مسئلہ حل نہیں ہوا، جبکہ داعش کو افغانستان میں اکٹھا کیا جارہا ہے۔

جو خود ایک بڑا عالمی خطرہ ہے۔ مسلمانوں کے ایمانی مرکز سعودی عرب کے اندر حملے ہو رہے ہیں ، جس پر عالم اسلام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اس پر سنجیدگی سے غور کرنا اورعالمی اداروں کو نوٹس لینا چاہیے ۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اختلافات لڑائیوں سے حل نہیں ہوتے، انہیں مذاکرات کے ذریعے سفارتی سطح پر حل کرنا ہی طرفین کے مفاد میں ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں