باجوڑ،عمران خان حکومت برق رفتاری سے ناکامیوں کی منزلیں طے کر رہی ہے ،لیاقت بلوچ

پیر 17 جون 2019 23:59

,لاہور /باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی پارلیمانی انتخابی امور کے انچار ج لیاقت بلوچ نے باجوڑ میں انتخابی جلسہ عام ، چکدرہ میں جماعت اسلامی کے ضلعی و تحصیل ناظمین و نائب ناظمین اور بلدیاتی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کیا اور کہاکہ عمران خان حکومت برق رفتاری سے ناکامیوں کی منزلیں طے کر رہی ہے ۔

بجٹ آئی ایم ایف کا حکم نامہ ہے ۔بے روزگاری ، مہنگائی ، پیداواری لاگت بڑھتی جارہی ہے ۔ پانی ، بجلی، گیس ، تیل کی قیمتوں میں اضافہ کی بم باری زراعت و صنعت ، تجارت اور گھریلو صنعت کو تباہ کر رہی ہے ۔ ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں میں اضافہ مذاق ہے ۔19 جون کو جماعت اسلامی اسلام آباد میں بجٹ قومی کانفرنس منعقد کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے قبائلی عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے ۔

آئی ڈی پیز کی بے مثال خدمت کی ۔ جماعت اسلامی ہی قبائلی عوام کو آئینی سیاسی اور معاشی حقوق دلانے کے لیے کلیدی کردار اد ا کرسکتی ہے ۔ فوج اور سیکورٹی اداروں کی امن بحالی کے لیے قربانیاں بے مثال ہیں اب وقت آگیاہے کہ حکمت عملی پر نظرثانی کی جائے ۔ لاپتہ افراد بازیاب ہوں ، روزگار دیا جائے اور سی پیک ترقی کے ثمرات سے قبائلی عوام کو محروم نہ رکھا جائے ۔

قبائلی عوام عزت نفس کا تحفظ چاہتے ہیں ۔ بجلی ،پانی اور زراعت و صنعت کی ترقی علاقہ کے عوام کا بنیادی حق ہے ۔ جماعت اسلامی کے امیدوارمحب دین ،محب وطن ، پاکستان کی حفاظت اور عوام کی خدمت ، امانت و دیانت کے ہر معیار پر اولیت رکھتے ہیں ۔عوام جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ’’ترازو‘‘ پر مہر لگائیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ بااختیار بلدیاتی نظام شہری حقوق کی فراہمی کا بااعتماد ذریعہ ہوسکتاہے لیکن فوجی اور جمہوری حکومتوں نے بلدیاتی اداروں کو بے دست و پا ہی رکھا ۔

پنجاب ،سندھ ، بلوچستان اور خیبر پی کے کی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ نہیں ۔ جماعت اسلامی بااختیار پارلیمانی و بلدیاتی نظام اور بلدیاتی انتخابات کے لیے جدوجہد کر ے گی ۔ اجلاس میں سینیٹر مشتاق احمد خان ، عنایت اللہ خان ، عبدالواسع ، دیر لوئر ، دیر اپر ، بونیر اور چترال کے ناظمین بھی موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں