پنجاب کے 7 اضلاع میں انسداد پولیومہم کے دوران 5 سال سے کم عمر 37 لاکھ65 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے، 5ہزار سے زائد لیڈی ہیلتھ سپروائزر،لیڈی ہیلتھ ورکرز اوررضا کاروں نے فرائض سرانجام دیے

جمعرات 20 جون 2019 18:26

لاہور۔20 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2019ء) محکمہ صحت پنجاب نے پنجاب کے 7اضلاع میں جاری انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے اعدادوشمار جاری کر دئیے،17جون سے جاری انسداد پولیومہم کے دوران 5سال سے کم عمر 37لاکھ65ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں، لاہور، بھکر،ڈی جی خان،میانوالی،ملتان،راولپنڈی اور شیخوپورہ میں انسداد پولیو مہم کے دوران 5ہزار سے زائد لیڈی ہیلتھ سپروائزر،لیڈی ہیلتھ ورکرز اوررضا کاروں نے فرائض سرانجام دئیے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے بتایا کہ پولیو ٹیمیں گرمی کے سخت موسم میں پوری جانفشانی اور تندہی سے انسداد پولیو مہم میں دیے گئے ہدف کو حاصل کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیومہم کامیاب بنانے میں والدین کا کردار انتہائی اہم ہے اور والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیومہم کو کامیاب بنائیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ لاہور سمیت باقی اضلاع میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوران سینئر افسران نے موقع پر جا کر اہلکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ڈاکٹر یاسمین راشدکا مزید کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کر عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے بچوں کی تندرستی کو اولین ترجیح دیں۔حکومت پنجاب پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں