جناح ایکسپریس کے حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا نے کا حادثہ جناح ایکسپریس کے ڈرائیوراور اسسٹنٹ ڈرائیورز کی غفلت سے پیش آیا‘ چیئرمین ریلویز

حادثے سے مسافروں کو پہنچنے والی تکلیف پر پاکستان ریلوے معذرت خواہ ہے‘ تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد ہفتہ کو میں اپنا فیصلہ دوں گا‘وفاقی وزیرریلویز شیخ رشید احمد

جمعہ 21 جون 2019 00:05

لاہور۔20 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2019ء) پاکستان ریلوے کی کراچی سے لاہور آنے والی جناح ایکسپریس (31UP) حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پرتقریباً 5 بجکر 10 منٹ پر آٹو سگنل کھلا ملنے کی وجہ سے پہلے سے کھڑی کول سپیشل ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی‘حادثہ میں3 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جن میں جنا ح ایکسپریس کا ڈرائیوراسلم چانڈیواور 2 اسسٹنٹ ڈرائیور زیاسر بشیر اور نعمان شاہ شامل ہیںجبکہ کول سپیشل ٹرین کا گارڈ عمران شاہ شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاں اس کو طبی امداد دی جارہی ہے اور اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے‘ اس حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی روہڑی اور کوٹری سے ریلیف ٹرینیں جائے حادثہ کی طرف روانہ کردی گئی اور لاہور سے کراچی جانے والی مین لائین کو کلیئر کردیاگیا ‘ مین لائن سے اپ اینڈ ڈائون کی تمام ٹرینیں معمول کے مطابق گزرہی ہیں اور دو طرفہ ٹریفک کو بھی نصف شب تک بحال کردیا جائے گا ‘ حادثے کا شکار جناح ایکسپریس کوبھی نیا انجن لگاکر لاہور کی جانب روانہ کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری /چیئرمین ریلویز سلطان سکندر راجہ کو پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ بظاہر جناح ایکسپریس کے ڈرائیوراور اسسٹنٹ ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیاہے تاہم سیکرٹری/ چیئرمین ریلویز نے فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹرآف ریلویز ظفراللہ کلوڑ کو حادثے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمد آفتاب اکبر کو تحقیقات کاحکم دیتے ہوئے فوری طور پر کراچی پہنچنے کی ہدایت کی ہے اور آئندہ چوبیس گھنٹوںمیں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیاہے۔

وفاقی وزیرریلویز شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ اس حادثے سے مسافروں کو پہنچنے والی تکلیف پر پاکستان ریلوے معذرت خواہ ہے تحقیقاتی رپورٹ آنے کے بعد ہفتہ کو میں اس پر اپنا فیصلہ بھی دوں گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں