حکومت صوبے میں صنعتوں کے فروغ کیلئے مواقعوں سے پورا فائدہ اٹھائے گی،صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال

منگل 25 جون 2019 15:05

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صنعتی پالیسی پر عملدرآمد کے ذریعے معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرکے صوبے کے لاکھوں افراد کی زندگیوں میں تبدیلی لائیں گے، صنعتی پالیسی کے تحت اوسطا سالانہ دس فیصد انڈسٹریل گروتھ اور 12لاکھ سالانہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ہدف کے حصول کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں، ہر سال پانچ لاکھ ہنر مند افرادی قوت مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کی جائے گی، ترجیحی شعبوں میں پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، پنجاب میں صنعتی ترقی کی بڑی گنجائش موجود ہے اور حکومت صوبے میں صنعتوں کو فروغ دینے کے مواقعوں سے پورا فائدہ اٹھائے گی۔

صوبائی وزیرصنعت وتجارت منگل کو پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق ادوار کی غلط معاشی ترجیحات اور کرپٹ حکمرانوں کی لوٹ مار نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا تھا، ورثے میں ملنے والے بحرانوں سے نمٹنے کے لئے ہمارے پاس دو ہی راستے تھے، ملک کا دیوالیہ ہونے دیتے یا مشکل فیصلے کرتے، ہم نے مشکل فیصلے کرکے ملک کا دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، ان مشکل فیصلوں کے مثبت نتائج جلد برآمد ہوں گے اور عوام کو آنے والے وقت میں ان مشکل فیصلوں کا فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو سبز باغ دکھانے اور معاشی منصوبوں پر غریب قوم کی محنت کی کمائی برباد کرنے والے سابق حکمرانوں نے پنجاب کو 12سو ارب روپے کا مقروض کردیا،57ارب روپے کے سرکاری چیکوںکا بائونس ہونا سابق حکمرانوں کی دھوکہ دہی کی گواہی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی نام نہاد ترقی کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، پاکستان کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں وزیراعظم عمران خان جیسا زیرک، باصلاحیت اور ایماندار لیڈر میسر آیا ہے جو عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے مخلصانہ کاوشیں کررہا ہے، وزیراعظم کی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان تیزی سے بحرانوں سے نکل رہا ہے اور قومی معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں