پنجاب میں ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کا جائزہ کیلئے الحمرا میں اجلاس کا انعقاد

صوبہ میں ادبی وثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جامع حکمت علمی اپنائی جائے‘سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب

منگل 25 جون 2019 20:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2019ء) صوبہ پنجاب میں ادبی وثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے جامع حکمت عملی اپنائی جائے جس کے تحت عوام کو مقامی سطح پر معیاری تفریحی سہولیات میسرآسکیں،وسیب، پوٹھوہاراور سینٹرل پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پرتین میگا ثقافتی پروگرام مرتب کئے جائیں،ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکرٹری اطلا عات وثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور نے الحمراء کمیٹی روم میں صوبہ بھر میں ادبی وثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا،اجلاس میں ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل اطہر علی خان،ایگزیکٹوڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے،ڈائریکٹر ڈی جی پی آرجاویدیونس ،ڈائریکٹر الحمراء ذوالفقار علی زلفی کے علاوہ دیگرافسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیر انور نے اجلاس میں کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہدایت پر صوبہ بھرمیں ادبی وثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدام کئے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں آئندہ تین ماہ کے ثقافتی سرگرمیوں کاکیلنڈر بنایا جارہا ہے جس میں صوبہ پنجاب کے تمام علاقوں کی ثقافتی اقدار کو اجاگر کیاجائے گا۔

انھوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے اس حوالے سے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے کر آئندہ دوروز میں پیش کریں جن کی روشنی میں ادبی وثقافتی میدان میں مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔انھوں نے ہدایت کی کہ ہر ثقافتی پروگرام میں مقامی لوگوں اور فنکاروں کو شامل کیا جائے،انھوں نے کہا کہ ان سرگرمیوں کی تشہیر کے لئے ویب سائٹ پیج بنایا جائے تاکہ پنجاب کی ثقافت کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جاسکے۔اجلاس میں ایگزیکٹوڈائریکٹرلاہورآرٹس کونسل الحمراء اطہرعلی خان اور ایگزیکٹوڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ثمن رائے نے صوبائی سیکر ٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور کو اپنے اپنے اداروں کی ادبی وثقافتی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ بھی دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں